گوٹیرس کے جنگ کے خاتمہ کی مساعی قابل ستائش : فلسطینی وزارت خارجہ
غزہ : فلسطینی وزارت خارجہ نے آرٹیکل 99 کے حوالے سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل گوٹیرس کے اقدام کا خیرمقدم کیا اور اسے غزہ جنگ کے خاتمے کیلئے ضروری سمجھا۔فلسطینی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کے خلاف اسرائیل کی جانب سے کی جانے والی ’’سیاسی دہشت گردی‘‘ کی مذمت کرتے ہوئے سلامتی کونسل سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کا مطالبہ کیا۔ ایک غیر معمولی اقدام میں اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے باضابطہ طور پر 15 رکنی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ پٹی میں ’’انسانی تباہی‘‘ کو روکنے کیلئے اپنا تمام اثر و رسوخ استعمال کرے۔2017 میں اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کے طور پر اپنی تقرری کے بعد پہلی مرتبہ انہوں نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 99 کا سہارا لیا۔یہ آرٹیکل اقوام متحدہ کے رہنما کو کسی بھی ایسے معاملے کو سلامتی کونسل میں بھیجنے کی اجازت دیتا ہے جس کے بارے میں ان کے خیال میں بین الاقوامی امن اور سلامتی کو خطرہ ہے۔اقوام متحدہ کی نیوز ویب سائٹ نے کہا کہ غزہ اور اسرائیل میں قلیل مدت میں ہونے والے جانی نقصان کی شدت کو دیکھتے ہوئے گوٹیرس نے آج سلامتی کونسل کے صدر کو ایک خط بھیجا جس میں انہوں نے پہلی مرتبہ اقوام متحدہ کے آرٹیکل 99 کو فعال کیا۔ نیشن چارٹر ایک ایسا مضمون جو اقوام متحدہ کے چارٹر میں شاذ و نادر ہی استعمال ہوتا ہے۔گوٹیرس کا یہ اقدام چہارشنبہ کے روز اس وقت آیا جب انہوں نے انسانی وجوہات کی بناء پر غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ دہرایا۔ گوٹیرس نے سلامتی کونسل کو لکھے اپنے خط میں یہ بھی لکھا کہ دنیا کو انسانی نظام کے خاتمہ کے سنگین خطرے کا سامنا ہے۔ صورتحال تیزی سے بگڑ رہی اور ایک تباہی میں بدل رہی ہے۔ اس صورتحال کے ممکنہ طور پر ناقابل واپسی اثرات فلسطینیوں پر اور مجموعی طور پر خطے میں امن اور سلامتی پر پڑ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے نتائج سے ہر قیمت پر گریز کیا جانا چاہیے اور یہ ایک فوری معاملہ ہے۔ یاد رہے گوٹیرس کے پیغام کے گردش میں آنے کے فوری بعد متحدہ عرب امارات اور روس نے اعلان کیا کہ وہ جمعہ کو مشرقی وقت کے مطابق صبح 10 بجے سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کر رہے ہیں۔ بعدازاں متحدہ عرب امارات نے سلامتی کونسل کے دیگر ارکان میں ایک مسودہ قرارداد تقسیم کیا جس میں گوٹیرس کے پیغام کا حوالہ دیا گیا اور انسانی بنیادوں پر فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا۔یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے اہلکار جوزپ بوریل نے بھی جمعرات کو اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل گوٹیرس کی حمایت کی۔ بعد ازاں اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 99 کو فعال کر دیا گیا۔دوسری طرف اقوام متحدہ میں اسرائیلی سفیر گیلاد اردان نے گوٹیرس کو شدید تنقید کا نشانہ بنا ڈالا اور ان کے خط کو ’’ایک نئی اخلاقی پستی‘‘ قرار دے دیا۔ اردان نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل پر الزام لگایا کہ وہ آرٹیکل 99 کو صرف اسرائیل پر دباؤ ڈالنے کیلئے استعمال کر رہے ہیں۔ اسرائیلی وزیرخارجہ ایلی کوہن نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے رابطہ کار لین ہیسٹنگز کا رہائشی ویزا منسوخ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ واضح رہے غزہ کی لڑائی میں اسرائیل نے 62 دنوں میں شدید بمباری کرکے 17177 فلسطینیوں کو جاں بحق کردیا ہے۔