اقوام متحدہ ۔ 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ میں برطانوی مستقل مندوب اور نومبر کیلئے سلامتی کونسل کی سربراہ کیرین پیئرس نے جمعہ کو واضح کردیا کہ سلامتی کونسل میں رواں ماہ کے دوران مسئلہ کشمیر پر کوئی غور و بحث نہیں ہوگی اور کہا کہ دنیا میں اور بھی کئی مسائل ہیں جن پر غور و بحث کی ضرورت ہے ۔ 15 رکنی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالنے کے بعد پیئرس نے یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’جی نہیں! ہمارے پاس مسئلہ کشمیر پر غور و بحث کا کوئی پروگرام مقرر نہیں کیا گیا ہے ‘‘۔ شام کے ایک رپورٹر نے ان سے سوال کیا تھا کہ آیا سلامتی کونسل میں برطانیہ کی صدارت کے دوران مسئلہ کشمیر پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ؟
پیئرس نے یہ بھی کہا کہ ’’دنیا میں کئی مسائل ہیں اور ہر ماہ صدارت مختلف اہم مسائل کا انتخاب کیا کرتی ہے جو سلامتی کونسل کے طئے شدہ ایجنٹوں میں شامل نہیں رہتے ہیں ۔ پیئرس نے کہا کہ ’ ہم نے کشمیر(مسئلہ) کا انتخاب نہیں کیا ہے ۔ کیونکہ سلامتی کونسل کو حال ہی میں اس پر تبادلہ خیال کا موقع ملا ہے اور سلامتی کونسل کے کسی دوسرے رکن نے (اس ضمن میں) اجلاس طلب کرنے کے لئے نہیں کہا ہے ۔ چین اور پاکستان کی درخواست پر سلامتی کونسل میں اگست کے دوران بند کمرہ مشاورتوں کا اہتمام کیا گیا تھا ۔ جس میں ہندوستان کی طرف سے جموں و کشمیر کے خصوصی موقف کی تنسیخ کے فیصلہ پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا ۔