سلامتی کونسل میں پاکستان کا کشمیر معاملہ اٹھانا ناقابل قبول : ڈپٹی نمائندہ

   

Ferty9 Clinic

اقوام متحدہ ۔ 21 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کی جانب سے کشمیر کا حوالہ دینے پر شدید اعتراض کیا اور ایک بار پھر کہا کہ جموں و کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے۔ یاد رہے اقوام متحدہ کیلئے پاکستان نے نئے مقرر کردہ سفیر منیراکرم نے سلامتی کونسل میں اپنے پہلے خطاب کے دوران کشمیر کا معاملہ اٹھایا تھا۔ مسٹرا کرم نے کہا تھا کہ سلامتی کونسل نے بین الاقوامی امن اور سیکوریٹی کو لاحق خطرات سے نمٹنے میں کوئی مؤثر رول ادا نہیں کیا ہے جبکہ بعض معاملات میں تو اب تک سرے سے کوئی کارروائی ہی نہیں کی گئی ہے۔ پاکستان کو جموں و کشمیر کی صورتحال پر سلامتی کونسل کی جانب سے کوئی کارروائی نہ کرنے پر تشویش ہے۔ اس کے جواب میں اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل ڈپٹی نمائندہ ناگراج نائیڈو نے کہا کہ ہم (ہندوستان) پاکستان کی اس تشویش کو مسترد کرتے ہیں جو اس نے ایک ایسے مقام کی صورتحال کیلئے ظاہر کی ہے جو ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ایک بار پھر ضروری ہیکہ ہندوستان نے 5 اگست کو جموں و کشمیر کے خصوصی آئینی موقف دفعہ 370 کو منسوخ کردیا تھا۔