سلامتی کونسل میں TRFکے خلاف ثبوت پیش پہلگام حملہ کی ذمہ دار تنظیم پر پابندی عائد کرنے ہندوستان کا مطالبہ

   

نیویارک۔15؍مئی (یواین آئی)پہلگام دہشت گرد حملے کے بعد ہندوستان نے دہشت گردی کے خلاف محاذ کھول دیاہے۔آپریشن سندورکے ذریعہ پاکستان کوسخت پیام دینے کے بعد ہندوستان عالمی سطح پربھی اسے گھیرنے کی کوشش کررہاہے۔ ہندوستان نے اقوام متحدہ کی پابندیوں کی کمیٹی کی مانیٹرنگ ٹیم کے سامنے پہلگام دہشت گرد حملے میں ٹی آر ایف کے ملوث ہونے کا ثبوت پیش کردیاہے۔ہندوستان کی تکنیکی ٹیم نے اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسداد دہشت گردی اورانسداد دہشت گردی کمیٹی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹوریٹ کے سامنے ثبوت پیش کیا اور TRFپر پابندی عائد کرنے کی مانگ کی۔ ہندوستان کامقصدTRF یعنی دی ریزسٹنس فرنٹ کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کروانا ہے۔TRF دہشت گرد تنظیم لشکرطیبہ کی شاخ ہے جس نے سب سے پہلے پہلگام دہشت گردحملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔22اپریل کوپہلگام کے بئسرن میں ہوئے دہشت گردحملے میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے۔خیال رہے کہ، گزشتہ سال مئی اور نومبرکے مہینے میں ہندوستان نے اقوام متحدہ کی 1267 پابندیوں کی کمیٹی کی مانیٹرنگ ٹیم کو اپنی ششماہی رپورٹ میں TRF کے بارے میں معلومات فراہم کی تھیں۔رپورٹ میں بتایاگیاتھا کہ یہ تنظیم پاکستان سے سرگرم دہشت گرد تنظیموں کیلئے ایک مزاحمتی محاذ کاکردارادا کررہی ہے۔ دسمبر2023 میں بھی ہندوستان نے نگراں ٹیم کویہ اطلاع دی تھی کہ، لشکر طیبہ اورجیش محمد جیسے دہشت گرد گروپ TRF جیسے چھوٹے گروپوں کے توسط سے اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔واضح رہے کہ لشکر طیبہ کو اقوام متحدہ نے کالعدم دہشت گرد تنظیم قراردیا ہے۔