نیویارک ۔ 7 نومبر (ایجنسیز) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے فیصلہ کیا کہ شامی صدر احمد الشرع اور وزیر داخلہ انس حسن خطاب کے نام عالمی پابندیوں کی فہرست سے خارج کر دیے جائیں۔یہ فیصلہ امریکی قرارداد کے حق میں ہونے والی ووٹنگ کے بعد سامنے آیا، جسے سلامتی کونسل کے 14 ارکان نے منظور کیا، جبکہ چین نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔قرارداد میں کہا گیا کہ احمد الشرع اور وزیر داخلہ انس حسن خطاب کے نام ان افراد اور گروہوں کی فہرست سے حذف کیے جاتے ہیں جو داعش اور القاعدہ سے منسلک قرار دیے گئے تھے۔یہ پیشرفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب صدر احمد الشرع آئندہ ہفتے وائٹ ہاؤس کا دورہ کرنے والے ہیں۔ برازیل میں موسمیاتی سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے احمد الشرع نے کہا کہ شام تمام چیلنجوں پر قابو پانے اور تعمیرِ نو کے مرحلے کی جانب بڑھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ شام کی حکومتی حکمتِ عملی ملک کی تعمیرِ نو اور بحالی کے عمل پر مرکوز ہے اور یہ کہ دمشق بین الاقوامی معاہدوں اور پائیدار ترقی کے اہداف کیلئے پْرعزم ہے۔شامی وزیر اطلاعات حمزہ مصطفیٰ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہاکہ سلامتی کونسل نے صدرِ مملکت اور وزیر داخلہ کے نام پابندیوں کی فہرست سے نکالنے کی قرارداد کے حق میں ووٹ دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ شامی سفارتکاری کی کامیابیوں میں ایک نیا اضافہ ہے اور 14 ممالک نے اس قرارداد کی حمایت کی، جبکہ ایک نے ووٹ دینے سے گریز کیا۔