اقوام متحدہ، 5 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے یورپی ممبران نے شمالی کوریا کے تازہ میزائل تجربات اوراس سے خطے کے ممالک کو لاحق خطرات کی مذمت کی ہے ۔چھ ممالک نے چہارشنبہ کے روز اقوام متحدہ میں پولینڈ کی سفیر جوانا رونیکاکے ذریعہ پڑھے گئے مشترکہ بیان میں یہ بات کہی۔مشترکہ بیان کے مطابق بیلجیم ، فرانس ، جرمنی ، پولینڈ ، برطانیہ اور نئے رکن ایسٹونیا کا یہ مشترکہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حال ہی میں شمالی کوریا نے 28 نومبرکو میزائل تجربہ کرکے امریکہ کو ‘کرسمس کے تحفہ ’کے لئے تیار رہنے کی وارننگ دی تھی ۔پولینڈ کے سفیر نے کہا کہ سلامتی کونسل کے اندر موجود یورپی ممالک نے نومبر میں شمالی کوریا کے ذریعہ کیے گئے تازہ ترین بیلسٹک میزائل تجربوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ شمالی کوریا کا یہ قدم، علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی اور استحکام کو کم کرنے کے علاوہ ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرنے والا ہے ۔اس سے قبل چہارشنبہ کے روز ، سلامتی کونسل کے ممبروں نے جزیرہ نما کوریا پر کئے گئے میزائل تجربات پربند کمرے میں ایک میٹنگ کرکے تبادلہ خیال کیا۔