ہم اس شادی کو ہندو مسلم کے تناظر میں نہیں دیکھتے: الہ آباد ہائی کورٹ
الہ آباد: الہ آباد ہائی کورٹ نے اپنے ایک اہم فیصلہ میں سلامت انصاری اور پرینکا کھروار کی شادی کو درست قرار دیا۔ عدالت نے کہا کہ ملک کے آئین کے مطابق کسی بھی شخص کو اپنی پسند کی شادی کرنے اور مذہب اختیار کرنے کا حق حاصل ہے۔ عدالت نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر کوئی شحص شادی کیلئے اپنا مذہب تبدیل کرتا ہے تو اسے یہ حق قانونی طور سے حاصل ہے۔ ہائی کورٹ کی ڈیویژنل بنچ نے شادی کیلئے مذہب تبدیل کرنے پر عدالت کے اعتراض کو قانونی طورپر مناسب قرار نہیں دیا۔ ہائی کورٹ نے یہ فیصلہ کشی نگر کے سلامت انصاری کی درخواست پر دیا ہے۔