سلطان الہندؒ کے خلاف دریدہ دہنی کی شدید مذمت

   

مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ کا بیان
حیدرآباد ۔ 18 جون (پریس نوٹ ) سلطان الہند غریب نواز حضرت سید خواجہ معین الدین چشتیؒ ملک کی عظیم روحانی شخصیت ہیں اور عالم اسلام کے اولیاء کبار میں آپ کا شمار کیا جاتا ہے۔ حضرت خواجہ غریب نواز ؒ کی تعلیمات انسانیت ‘ انصاف ‘ مساوات‘ ہندو مسلم یکجہتی اور امن و سلامتی پر مشتمل ہیں ۔ حضرت خواجہ اجمیریؒ کی ذات بابرکات صرف مسلمانوں کے لئے نہیں بلکہ بلالحاظ مذہب و ملت بلا تخصیص سبھی کیلئے قابل احترام ہے۔ ایسی عظیم شخصیت کے بارے میں قومی ٹی وی چیانل پر فسطائی ذہنیت کے حامل ایک اینکر کا گستاخانہ کلمات کہنا بالعموم تمام انصاف پسند ہندوستانیوں کیلئے اور بالخصوص مسلمانوں کیلئے ناقابل برداشت اور قابل مذمت ہے۔ مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ نے سلطان الہندؒ کی شان میں گستاخی پر اخبارات کے لئے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہا کہ حضرت خواجہ اجمیریؒ اور آپ کے خلفاء و سلسلہ چشتیہ کے بزرگ صدیوں سے اس ملک اور یہاں رہنے بسنے والوں کی خدمت کرتے آرہے ہیں۔ ان حقائق کو فراموش کرنا اور دریدہ دہنی سے کام لینا انتہائی شرمناک عمل ہے۔مولانا مفتی خلیل احمد نے کہا کہ ان حالات میں مرکزی حکومت اور ریاستی حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ ایسے واقعات کا سدباب کریں جن سے فتنے پیدا ہوتے ہیں اور ہندو مسلم اتحاد کا ماحول خراب ہوتا ہے اور ملک کے امن وامان کی فضاء مکدر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس جرم میں اینکر اور ٹی وی چیانل دونوں برا بر کے شریک ہیں‘ دونوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے تاکہ آئندہ کسی کو اس طرح کی جرات نہ ہوسکے۔ فی الحال ساری دنیا بالخصوص ہندوستان مختلف مصائب و مسائل سے دوچار ہے‘ایسے حالات میں اس طرح کا عمل افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ نے اپنے بیان میں ان مسلمانوں کو ٹی وی چیانلس کا رخ نہ کرنے کی اپیل کی جو چیانلس کے مباحث میں شریک ہوکر دانستہ و نادانستہ طور پر مخالفین کی سازشوں کا حصہ بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حقائق اور فکر و فن سے ناواقف مسلمانوں کو مباحث میں شریک کیا جاتا ہے تاکہ مکروہ عزائم رکھنے والے ان چیانلس کو اسلام اور مسلمانوں کے خلاف تاثر عام کرنے کا موقع مل سکے اور یہ لوگ ان کی سازشوں سے ناواقف ہوکر ان کا شکار ہوجاتے ہیں۔ اس لئے ضروری ہے کہ مسلمان ‘ ٹی وی چیانلوں کے مباحث کا بائیکاٹ کریں۔