۔75 کھلاڑی زیر تربیت ، شانتی سوروپ لے لے کا بیان
حیدرآباد۔ شہر حیدرآباد میں ملا کھمب نامی کھیلوں کی تربیت کے لئے خصوصی کیمپ گذشتہ 77سال سے جاری ہے اور بڑی چاؤڑی سلطان بازار میں جاری اس کیمپ میں نہ صرف ملاکھمب بلکہ کھو کھو‘ کبڈی کے علاوہ یوگا کی تربیت فراہم کی جاتی ہے۔ سلطان بازار میں چلائے جانے والے اس ہیلت لیگ ٹرسٹ کے کیمپ میں فی الحال 150 کھلاڑی تربیت حاصل کر رہے ہیں اور ان میں 75 کھلاڑی ملا کھمب میں تربیت حاصل کررہے ہیں جو کہ اسپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا کی جانب سے منظورہ کھیل ہے اور اس کھیل کے ذریعہ صحتمند رہنے کے علاوہ جسم میں لچک پیدا ہوتی ہے جو کہ ذہنی اور جسمانی اعتبار سے کھلاڑی کو چست اور تندرست رکھنے میں انتہائی معاون ثابت ہوتی ہے۔ سیکریٹری ہیلت لیگ ٹرسٹ و سابق مرچنٹ نیوی آفیسر شانتی سوروپ لے لے نے بتایا کہ اس کیمپ کے ذریعہ سال گذشتہ تک بھی مفت تربیت کی فراہمی کے اقدامات کئے جاتے تھے لیکن سال گذشتہ ٹرسٹ کے ذمہ داروں نے کھلاڑیوں کی دلچسپی میں اضافہ کے علاوہ انہیں پابند بنانے کیلئے معمولی فیس کی وصولی کا فیصلہ کیا ہے اور کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کو معیاری تغذیہ کی تفصیلات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد میں 77 سال قبل یعنی 1944میں ہیلت لیگ ٹرسٹ کا قیام عمل میں لایا گیا تھا تاکہ ہندستانی تہذیبی کھیلوں اور یوگا کے فروغ کو یقینی بنایا جاسکے۔ شہر میں چلائے جانے والے اس کیمپ میں تین رسی اور تین کھمبے موجود ہیں جن کے ذریعہ ملا کھمب کی تربیت فراہم کی جاتی ہے اور اس کھیل کی تربیت کے بعد کئی کھلاڑیوں نے قومی سطح پر اپنے کھیلوں کا مظاہرہ بھی کیا ہے ۔ مسٹر شانتی سوروپ نے بتایا کہ کھیلو انڈیا کے تحت ہیلت لیگ ٹرسٹ کو مسلمہ حیثیت حاصل ہے اور اسپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا کے قوانین کے مطابق ملاکھمب کے لئے 5 سال کی عمر سے تربیت کی فراہمی عمل میں لائی جاتی ہے ۔ اور 5سال کی عمر سے ہی انہیں اس کھیل کی تربیت کی صورت میں وہ بہترین کھلاڑی بن سکتے ہیں اسی لئے انہیں کم عمر سے ہی تربیت کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے دلچسپی کا مظاہرہ کیاجانا چاہئے تاکہ وہ اپنی بڑھتی ہوئی عمر کے ساتھ ساتھ کھیل میں مہارت حاصل کرسکیں۔