سلطان بازار کے کامپلکس میں مہیب آتشزدگی 6دوکانات خاکستر ، کوئی جانی نقصان نہیں

   

حیدرآباد: سلطان بازار کے علاقہ ہنومان ٹیکری کے ایک کمرشیل کامپلکس میں پیش آئے مہیب آتشزدگی کے واقعہ میں 6 دکانات جل کر خاکستر ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ آج صبح 8.30 بجے نیک کونڈہ کامپلکس واقع ہنومان ٹیکری میں اچانک آگ لگنے کے واقعہ کے بعد مقامی عوام نے فوری پولیس کنٹرول روم کو اطلاع دی اور کچھ ہی دیر میں تین فائر انجن جائے حادثہ پر پہنچ گئے ۔ اس واقعہ میں آپٹیکل اور ملبوسات کی جملہ 6 دکانات جل کر خاکستر ہوگئے لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے ۔ پولیس سلطان بازار کی ٹیم بھی وہاں پہنچ گئی ۔ ہنومان ٹیکری مصروف ترین علاقہ ہے جہاں آگ لگنے کے واقعہ کے بعد ٹریفک بھی متاثر ہوگئی تھی اور ٹریفک کو بحال کرنے کیلئے پولیس کو بھی طلب کرلیا گیا تھا ۔ اس حادثہ میں لاکھوں روپئے کی املاک کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے ۔ پولیس سلطان بازار نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ پتہ لگایا گیا ہے کہ شارٹ سرکٹ کے نتیجہ میں یہ حادثہ پیش آیا ہوگا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔