سلطان قابوس کے انتقال پر ہندوستان میں آج سرکاری سوگ

,

   

قومی پرچم سرنگوں ہوگا ، کوئی سرکاری پروگرام منعقد نہیں کیا جائے گا

نئی دہلی ۔ /12 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے عمان کے سلطان قابوس کے انتقال کے پیش نظر کل بروز پیر ملک بھر میں ایک روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کیا ہے ۔ وزارت داخلہ نے آج کہا کہ عمان کے سلطان قابوس بن سعد السعید کا /10 جنوری کو 79 سال کی عمر میں انتقال ہوا ۔ اس محترم اور باوقار شخصیت کے سانحہ ارتحال پر احتراماً حکومت ہند نے ایک روزہ سرکاری سوگ منانے کا اعلان کیا ہے ۔ ہندوستان بھر میں کل /13 جنور ی کو یہ سوگ منایا جائے گا ۔ قومی پرچم سرنگوں کردیئے جائیں گے اور کوئی سرکاری پروگرام منعقد نہیں ہوگا ۔ ہندوستان کے تمام علاقوں میں سوگ منایا جارہا ہے ۔ وزارت داخلی امور کے مطابق اس سلسلے میں تمام ریاستوں اور قومی زیرانتظام علاقوں کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سلطان قابوس کے احترام میں سوگ منائیں ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے دن سلطان قابوس کے انتقال پر خراج پیش کیا تھا اور انہیں اس خطہ کیلئے امن کا پیامبر قرار دیا تھا ۔ سلطان قابوس کے انتقال پر ساری دنیا سے تعزیتی پیامات آرہے ہیں ۔