سلطان پور میں جنگلی سور کا حملہ،13 زخمی، 6 کی حالت نازک

   

سلطان پور، 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش میں ضلع سلطان پور کے ادے پور سکرواری، کھرسڑا، سُرہُرپور اور غنی پور گاؤں میں مقامی باشندوں پر جنگلی سور کے حملے کے نتیجے میں 13 افراد زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں میں 6 کی حالت نازک بتائی جاتی ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق دوست پور علاقے کے سُرہُر پور گاؤں نواری میں ریتا دیوی، چوتھی رام، شانو، رام دلاری، اور رنکا دیوی بدھ کی شام گاؤں کے بازو میں کھیت میں کام کر رہے تھے ۔ اس دوران ان پر ایک جنگلی سور نے حملہ کر دیا۔ جنگلی سور کے حملے میں تمام افرادشدید زخمی ہو گئے ۔ ادھر، غنی پور گاؤں کاباشندہ امر جیت موٹرسائیکل سے دوست پور کی جانب جارہا تھا۔ اس درمیان جنگلی سور کے حملے سے شدید زخمی ہو گیا۔دیہی باشندوں کی مدد سے تمام زخمیوں کو کمیونٹی ہیلتھ سنٹرپہنچایا گیا۔ فرسٹ ایڈ کے بعد تمام زخمیوں کو ضلع اسپتال امبیڈکر نگر بھیج دیا گیا۔ اسی طرح موتگ پور کے کھرسڑا گاؤں کی ہیرامتی اور سشیلا کھیت میں گئی تھیں۔ اچانک ایک جنگلی سور نے ان پر حملہ کردیا۔ دیہی عوام نے کسی طرح انھیں بچاکر کمیونٹی ہیلتھ سنٹر پہنچایا۔اس درمیان سور یہاں سے نکل کر ادے پور سکرواری گاؤں میں گھس گیا۔ سور کے خوف سے گاؤں میں افراتفری مچ گئی۔ لوگ گھروں میں چھپنے پر مجبور ہیں۔ سور نے شنبھو، رام سورت، پریما، سونو سنگھ کے دو سال کے بیٹے وید سنگھ اور رام انوج کو کاٹ کر زخمی کردیا۔