ممبئی: ان دنوں بالی ووڈ میں جاسوسی فلموں کا دور چل رہا ہے۔ بالی ووڈ کے بڑے بڑے اداکار اس میں شامل ہو رہے ہیں۔ شاہ رخ خان اور سلمان خان یش راج فلمزکی جاسوسی فلموں کا حصہ بن چکے ہیں لیکن اب خبریں آ رہی ہیں کہ عامر خان بھی جلد اس کڑی میں شامل ہونے والے ہیں۔ سلمان خان ان دنوں اپنی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ٹائیگر 3 کی وجہ سیخبروں میں ہیں۔ ٹائیگر 3 کو باکس آفس پر ملے جلے جائزے مل رہے ہیں۔ سلمان کے مداح اس فلم کو پسند کر رہے ہیں۔ کچھ لوگ اسے ٹرول بھی کر رہے ہیں۔ اس دوران سلمان ایک انٹرویو میں نظر آئے، جہاں انہوں نے جاسوس کائنات کے حوالے سے بہت سی باتیں کیں۔انٹرویو کے دوران ایک سوال کے جواب میں سلمان نے کہا کہ شاہ رخ خان اور وہ اس کائنات کا حصہ بن چکے ہیں۔ ان کے علاوہ بھی کئی ستارے اس میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔ تاہم ریتک روشن بھی یش راج کی جاسوسی کائنات میں شامل ہوگئے ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا عامر خان بھی اس میں شامل ہونے والے ہیں تو انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ جلد ہی ایسا ہوگا۔ سلمان خان کی باتوں کی وجہ سے لوگ قیاس آرائیاں کر رہے ہیں کہ شاہ رخ اور ہریتک کے بعد اب عامر خان بھی جاسوسی کائنات میں شامل ہونے جا رہے ہیں۔ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے مداح اس حوالے سے کافی پرجوش ہیں۔ ساتھ ہی اسی انٹرویو میں سلمان نے اپنی اور شاہ رخ کی دوستی کے بارے میں بھی بات کی۔ انہوں نے شاہ رخ اور خود کو آج کے دورکا جئے ویرو بتایا۔ انہوں نے خود کو ویرو اور شاہ رخ خان کو جئے کہا۔