سلمان بٹ کی پاکستانی ٹسٹ ٹیم میں واپسی متوقع

   

کراچی ۔15 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا کیخلاف ٹسٹ سیریزکیلئے پاکستانی ٹیم میں بڑی تبدیلیوں پر غور کیا جا رہا ہے اور ذرائع کا دعویٰ ہے کہ طویل عرصے کے بعد قسمت کی دیوی سابق کپتان سلمان بٹ اور فواد عالم پر مہربان ہونے والی ہے جبکہ بائیں ہاتھ کے بیٹسمین شرجیل خان کی مختصر فارمیٹ میں واپسی کی راہیں بھی ہموار کی جا رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق سری لنکا کیخلاف ہوم ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست کے بعد ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق دیگر چھ صوبائی ٹیموں کے کوچز کے ساتھ مل کر ٹی ٹوئنٹی اور ٹسٹ اسکواڈ کی تشکیل کیلئے مشاورت کر رہے ہیں اور انہوں نے متعدد کرکٹرز کی فٹنس اور فارم سے متعلق صوبائی کوچز سے استفسار کیا ہے۔ ٹسٹ اسکواڈ کیلئے سلمان بٹ، فواد عالم ،محمد رضوان کے علاوہ عدنان اکمل کی واپسی پر بھی غورکیا جا رہا ہے جو ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھا کھیل پیش کر رہے ہیں جبکہ ٹیم انتظامیہ نے فخرزمان کی ناقص فارم کے پیش نظر بائیں ہاتھ کے بیٹسمین شرجیل خان کی ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں واپسی پر بھی نظریں جما لی ہیں جو پابندی کا خاتمہ ہونے کے بعد بحالی پروگرام سے گزرنے کے منتظر ہیں جس کے بغیر انہیں ٹیم میں شامل نہیں کیا جا سکے گا۔ سری لنکا کیخلاف حالیہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش کے بعد پی سی بی کو کڑی تنقید کا سامنا ہے جبکہ چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق بھی اپنے فیصلوں پرشدید دباؤ کا شکار ہیں۔یاد رہے اپنے وقت کے متنازعہ اسکینڈل اسپاٹ فکسنگ میں سلمان بٹ پر 10 سال کی پابندی عائد کی گئی تھی کیونکہ وہ اس تنازعہ کے وقت انگلینڈ کا دورہ کرنے والی پاکستانی ٹیم کے کپتان تھے۔ علاوہ ازیں حالیہ دنوں میں سلمان بٹ نے گھریلو کرکٹ میں شاندار مظاہرے کئے ہیں جس کے بعد ان کی ٹیم میں شمولیت پر غور ہورہا ہے۔