سلمان خان اب چینی فوج سے لڑیں گے

   

Ferty9 Clinic

ممبئی، 27 دسمبر (آئی اے این ایس) سلمان خان کی سالگرہ کے موقع پر آنے والی جنگی فلم ’بیٹل آف گلوان‘ کا ٹیزر جاری کیا گیا۔ یہ فلم ہندوستان کے سرحدوں پر تعینات فوجیوں اور ان کے ناقابلِ تسخیر حوصلے کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہے۔ ٹیزر میں سلمان خان ایک نہایت طاقتور اور جاندار انداز میں نظر آتے ہیں، جہاں وہ ایک ہندوستانی فوجی افسرکا کردار ادا کر رہے ہیں۔ خاص طور پر آخری مناظر میں جب ان کی بے خوف نگاہ سیدھی ناظرین سے ٹکراتی ہے اور گہرا اثر چھوڑ جاتی ہے۔ ٹیزر اپنی سخت، حقیقت پسندانہ اور بے رحم بصری مناظرکے ساتھ زور دار تاثر قائم کرتا ہے، جو بلند پہاڑی علاقوں میں ہونے والی جنگ کی کڑی حقیقتوں اور دشوارگزار خطے کو اجاگرکرتا ہے۔ فلم میں چترانگڈا سنگھ بھی اہم کردار میں نظر آئیں گی اور اسے سلمان خان فلمز کے بینر تلے پروڈیوس کیا ہے۔ یہ فلم 15 جون 2020 کو ہونے والے گلوان تصادم پر مبنی ہے، جو ہندوستان اور اس کے ہمسایہ ملک چین کے درمیان کوویِڈ19 وبا کی پہلی لہر کے دوران پیش آیا تھا۔ مشرقی لداخ کی گلوان وادی میں ہندوستانی اور چینی افواج کے درمیان جھڑپ ہوئی تھی ، جو لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) کے ساتھ جاری ایک بڑا سرحدی تنازعہ تھا۔ متنازعہ علاقوں میں گشت کی کوشش کے دوران تصادم شدت اختیار کرگیا اور دونوں افواج کے درمیان جھڑپ ہوئی۔ اس جھڑپ میں ہندوستان کے 20 فوجی شہید ہوئے، جبکہ چین کو بھی جانی نقصان اٹھانا پڑا۔ یہ گزشتہ چار دہائیوں میں ہندوستان اور چین کے درمیان سب سے مہلک تصادم تھا، جس کے نتیجے میں کشیدگی میں اضافہ ہوا اور دونوں ممالک نے مزید فوجی تعینات کیے، ساتھ ہی مزید تنازعہ سے بچنے کے لیے سفارتی مذاکرات کا آغازکیا۔ فی الحال ہندوستان اور چین کے تعلقات میں بہتری آئی ہے اور سفارتی سطح پر متعدد رابطے بحال کیے گئے ہیں، ایسے وقت میں جب ہندوستان کو مغربی دنیا میں چین کے سب سے بڑے حریف امریکہ کی جانب سے عائد کردہ ٹیرف کا سامنا ہے۔ اس فلم کی ہدایت کاری اپوروا لکھیا نے کی ہے اور یہ فلم 17 اپریل 2026 کو ریلیز ہونے والی ہے۔