ممبئی، 15 ستمبر (آئی اے این ایس) امیزون پرائم ویڈیو اپنے ناظرین کے لیے ہنسی سے بھرپور ایک نیا ٹاک شو ’’ ٹو مچ وتھ کاجول اینڈ ٹوئنکل’’ لا رہا ہے، جس کی میزبانی بالی ووڈ اداکارائیں اور قریبی دوست کاجول اور ٹوئنکل کھنہ کر رہی ہیں۔حال ہی میں جاری ہونے والے شو کے پرومو میں ایک خاص لمحہ سب کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے، جس میں سلمان خان اور عامر خان کو ایک ساتھ صوفے پر بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے۔ تشہیرکے آخر میں ٹوئنکل نے مذاقاً سلمان کی “جمی ہوئی شکل” پر چٹکی لی۔سلمان نے بھی فوری طور پر اپنے اوپر مزاحیہ جملہ کستے ہوئے کہا: میں ابھی تک انہی تین تاثرات پر زندہ ہوں۔ ان کا یہ خود پر طنزیہ تبصرہ کاجول، ٹوئنکل اور عامر کو ہنسی سے لوٹ پوٹ کرگیا اور آنے والے ایپی سوڈ کے دلچسپ ہونے کا عندیہ دے گیا۔کاجول اور ٹوئنکل کھنہ اپنی بے باک اور مزاحیہ شخصیت کے لیے مشہور ہیں اور ان کا یہ شو ناظرین کو بے ساختہ گفتگو، ماضی کی یادوں اور مزاحیہ ماحول کا امتزاج پیش کرے گا۔ شو میں خانزکے علاوہ وکی کوشل، کریتی سینن، عالیہ بھٹ، کرن جوہر،گووندا اور چنکی پانڈے سمیت کئی بڑے ستارے نظر آئیں گے، جو کھل کر اپنی باتیں، اندرکی کہانیاں اور قہقہے ناظرین کے ساتھ شیئرکریں گے۔اس شو سے توقع کی جا رہی ہے کہ یہ بالی ووڈ کے بڑے ستاروں کو ایک نئے اور بے جھجک انداز میں پیش کرے گا۔