ممبئی:این سی پی (اجیت پوار) لیڈر اور سابق وزیر بابا صدیقی کو کل شام حملہ آوروں نے گولی مار کر ہلاک کردیا ۔ بابا صدیقی کے قتل کے بعد ممبئی سمیت ملک بھر میں ہنگامہ مچ گیا ہے اور سیاسی دنیا سے لے کر بالی ووڈ تک شدید غم کی لہر ہے۔بابا صدیقی کے انتقال کے بعد دیر رات کئی قد آور شخصیات افراد خانہ سے ملنے لیلاوتی ہاسپٹل پہنچے۔ اس دوران بابا صدیقی کے قریبی مانے جانے والے سلمان خان بھی ہاسپٹل پہنچے اور انہوں نے غمزدہ خاندان سے ملاقات کی۔ سلمان سرمئی رنگ کی ٹی شرٹ میں اپنی گاڑی سے آتے دکھے جن کے ساتھ بھاری سیکوریٹی دستہ بھی تھا۔سلمان خان کا بابا صدیقی سے قریبی رشتہ رہا ہے۔ وہ ان کے ساتھ کئی پارٹیوں میں نظر آتے رہے ہیں۔ خاص طور پر ہر سال رمضان میں بابا صدیقی کے ذریعہ دی گئی افطار پارٹی میں سلمان ضرور موجود رہتے تھے۔ ذرائع کے مطابق بابا صدیقی کے انتقال کی خبر ملتے ہی سلمان خان نے بگ باس 18 کی شوٹنگ منسوخ کر دی۔ جب انہیں اس کی اطلاع ملی تو وہ شوٹنگ کے بیچ میں تھے، جسے چھوڑ کر فوراً ممبئی کے لیلاوتی ہاسپٹل پہنچے۔ سلمان خان سے پہلے اداکار سنجے دت، شلپا شیٹی شوہر راج کندرا کے ساتھ اور ویر پہاڑیا بھی ہاسپٹل پہنچے تھے۔بابا صدیقی کو نرمل نگر میں کولگیٹ گراؤنڈ کے پاس ان کے ایم ایل اے بیٹے ذیشان صدیقی کے دفتر کے قریب ہی گولی مار گئی تھی۔ پولیس نے اس معاملے میں دو مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے جن میں سے ایک کا اتر پردیش سے اور دوسرے کا ہریانہ سے تعلق ہے۔
سلمان خان کے گھر کے باہر
سکیوریٹی بڑھا دی گئی
ممبئی :ممبئی میں این سی پی لیڈر بابا صدیقی کے قتل کے بعد بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کے گھر کے باہر سکیوریٹی بڑھا دی گئی ہے ۔ پولیس نے سلمان خان کے گھر گیلکسی اپارٹمنٹ کے باہر سکیوریٹی کو مزید سخت کردیا ہے اور اضافی پولیس عملہ کو تعینات کردیا گیا ۔