سلمان خان غنڈہ اور بدتمیز : کشیپ

   

ممبئی ۔9 ستمبر (ایجنسیز) بالی ووڈ کی کامیاب ترین فلموں میں ایک فلم دبنگ (2010) کے ریلیز کے پندرہ سال بعد ہدایتکار ابھینَو کشیپ نے ایک بار پھر تنازعہ کھڑا کردیا ہے اور اداکار سلمان خان اور ان کے خاندان پر شدید تنقید کی ہے۔ حال ہی میں اسکرینکے ساتھ ایک انٹرویو میں کشیپ نے دعویٰ کیا کہ سوپر اسٹار سلمان خان غنڈہ اور بدتمیز شخص ہے، اور خان خاندان کو بدلہ لینے والا قرار دیا، جس نے ان کے کیریئر کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ کشپ، جنہوں نے دبنگ کے ساتھ ہدایتکاری کا آغازکیا، انہوں نے کہا کہ سلمان خان کے ساتھ کام کرنا ایک خوابیدہ تجربہ تھا۔ انہوں نے کہا سلمان خان کبھی شامل نہیں ہوتے۔ انہیں اداکاری میں دلچسپی ہی نہیں ہے، اور پچھلے 25 سال سے ایسا ہے۔ وہ صرف کام پر آکر ایک احسان کرتے ہیں۔ وہ سیلیبریٹی کی طاقت میں دلچسپی رکھتے ہیں، لیکن اداکاری میں نہیں۔ وہ غنڈہ ہے۔ سلمان بدتمیز ہے،گندا انسان ہے۔ ہدایتکار نے الزام لگایا کہ دبنگ بنانے سے پہلے انہیں سلمان کا یہ رویہ معلوم نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ اداکارکی دلچسپی کی کمی سیٹ پر واضح تھی اور ان کے رویے کی وجہ سے کام کرنا انتہائی مشکل تھا۔ کشپ کے مطابق، مسائل صرف سلمان تک محدود نہیں تھے بلکہ ان کا خاندان بھی ملوث تھا۔ انہوں نے خان خاندان کو بدلہ لینے والا کہا جو فلم انڈسٹری پر غلبہ حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا سلمان خان بالی ووڈ میں اسٹار سسٹم کے والد ہیں۔ وہ ایک فلمی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں جو 50 سال سے صنعت میں ہے۔ وہ پورے عمل کو کنٹرول کرتے ہیں۔ اگر آپ ان سے متفق نہیں ہیں، تو وہ آپ کے پیچھے پڑجاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے اور خان خاندان کے درمیان تناو اس وقت شروع ہوا جب انہوں نے دبنگ 2 کی ہدایتکاری کرنے سے انکارکردیا، جس کے نتیجے میں ان کے کیریئر پر اثر پڑا۔ کیشپ نے یاد دلایا کہ ان کے بھائی، ہدایتکار انوراگ کشیپ نے بھی انہیں سلمان کے ساتھ کام کرنے سے پہلے خبردارکیا تھا۔ تیرے نام (2003) کے دوران، انوراگ نے بھی ایسے ہی مسائل کا سامنا کیا اورآخر کار پروجیکٹ چھوڑ دیا، حالانکہ وہ کہانی کار تھے۔