ممبئی ۔ بالی ووڈ میں کچھ ایسی فلمیں بنتی ہیں جنہیں ہر عمرکے لوگ پسند کرتے ہیں۔ اس فہرست میں سب سے پہلا جو نام جوآتا ہے وہ فلم شعلے کا ہے جو سال 1975 میں طوفان کی طرح آئی اور باکس آفس کی ساری کمائی اپنے ساتھ لے گئی۔ حال ہی میں بالی ووڈ سوپر اسٹار سلمان خان نے اس فلم کا ریمیک بنانے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ فلم شعلے کو ریلیز ہوئے 49 سال ہوچکے ہیں اور آج بھی اس فلم کی کہانی اورکردار دونوں ہرگھر میں مشہور ہیں۔ اس فلم کی کہانی پر سلیم خان اور جاوید اختر نے کام کیا تھا ۔ دونوں نے کئی بلاک بسٹر فلمیں دی ہیں لیکن درمیان میں یہ جوڑا الگ ہوگیا جو سب کے لیے بڑا صدمہ تھا۔ اب تقریباً 37 سال بعد یہ دونوں ایک ساتھ اینگری ینگ مین نامی دستاویزی سیریز میں نظر آئے ہیں۔ یہ سیریز حال ہی میں پرائم ویڈیو پر جاری کی گئی ہے۔ اس سیریز کے حوالے سے گفتگو کے دوران فلمساز فرح خان نے سلمان خان سے سوال کیا کہ اگر آپ کو سلیم جاوید کی کسی فلم کا ریمیک بنانا ہو تو آپ کونسی فلم بنائیں گے؟ اس کا جواب دیتے ہوئے سلمان نے کہا کہ وہ فلم شعلے اور دیوار کے ری میک بنائیں گے اور یہی نہیں ان سے یہ بھی پوچھا گیا کہ وہ کون سا کردار ادا کریں گے۔ اس سوال پر جاوید کے ساتھ زویا اختر، نمرتا راؤ اور وہاں موجود سبھی نے ویرو کے کردار سے اتفاق کیا۔ تاہم سلمان نے کہا کہ وہ جئے اور ویرو دونوں کا کردار ادا کرسکتے ہیں اور یہی نہیں وہ گبرکا کردار بھی ادا کریں گے۔ اس گفتگو کے دوران سلمان خان تمام کردار ادا کرنے کے لیے پرجوش نظر آئے۔