جودھپور 24 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) عدالت میں 1998 کے کالے ہرن شکار کیس کی سماعت سے قبل اداکار سلمان خان کو سوشیل میڈیا پر جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے ۔ یہ دھمکی فیس بک پر گیری شوٹر کی جانب سے دی گئی ہے ۔ یہ پیام ہندی میں ایک گروپ میں دیا گیا ہے ۔ اس گروپ کو سوپو کا نام دیا گیا ہے ۔ پیام میں سلمان خان کو انتباہ دیا گیا ہے کہ وہ ہندوستانی قانون سے تو بچ سکتے ہیں لیکن بشنوئی برادری کے قانون سے نہیں بچ سکتے ۔ پولیس نے کہا کہ وہ اس معاملہ کی تحقیقات کر رہی ہے ۔ جودھپور کے ڈی سی پی ( ایسٹ ) دھرمیندر سنگھ یادو نے کہا کہ ہم کو اگر کسی خصوصی دھمکی کی اطلاع ملتی ہے تو ہم سکیوریٹی سخت کرتے ہیں۔ ہم اس معاملہ کی تحقیقات کرینگے ۔ ہمارے پاس سوشیل میڈیا سیل ہے ۔ اس کے ذریعہ جانچ کی جائے گی اور اس خطرہ کو دور کرنے اقدامات کئے جائیں گے ۔ ہم سکیوریٹی کو بھی سخت کرینگے ۔