روزانہ کلچرل پروگرامس، اجئے دیوگن فلم سٹی کے قیام کی تیاری میں
حیدرآباد ۔ 5۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے 8 اور 9 ڈسمبر کو بھارت فیوچر سٹی کے دو روزہ تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ میں بالی ووڈ کی اہم شخصیتوں کو مدعو کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق سلمان خاں کو سمٹ میں شرکت کی دعوت دی گئی اور انہوں نے شرکت سے اتفاق کرلیا ہے۔ فلمسٹار اجئے دیوگن نے فلم سٹی کے قیام کا اعلان کیا جبکہ مشہور فلم ڈائرکٹر ایم ایم کیراوانی سمٹ کے پہلے دن میوزیکل نائیٹ پیش کریں گے ۔ کلچرل پروگراموں کے سلسلہ میں حکومت نے پشپا فلم کے ڈائرکٹر سو کمار کے علاوہ تلگو اور ہندی فلموں کے نامور اسٹارس کو مدعو کیا ہے جو کلچرل پروگرام میں اس لینے کے علاوہ پیانل ڈسکشن میں شامل ہوں گے۔ میڈیا اور انٹرٹینمنٹ کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے موضوع پر پیانل ڈسکشن کا اہتمام کیا جائے گا۔ مشہور فلمی ہیرو رسپ شٹی نے بھی شرکت سے اتفاق کرلیا ہے۔ گلوبل سمٹ کے دوران فلم اور انٹرٹینمنٹ شعبہ کے فروغ کے لئے خصوصی ایونٹ منعقد کیا جائے گا جس میں فلمی شخصیتوں کے علاوہ مختلف ممالک کے صنعت کار شریک ہوں گے ۔ کلچرل پروگرام میں مشہور وینا پلیر پی جیہ لکشمی اور ڈانسر کلا کرشنا کا شو بھی شامل رہے گا۔ مشہور موسیقار ساملا وینو بھی اپنے پرفارمینس کے ذریعہ مندوبین کی تفریح طبع کا اہتمام کریں گے ۔ کلچرل پروگراموں میں تلنگانہ کی روایتی تہذیب کی عکاسی کی جائے گی اور مختلف طبقات کے روایتی ڈانس اور دیگر پروگرامس پیش کئے جائیں گے ۔ کلچرل پروگراموں کے سلسلہ میں عہدیداروں کی خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ روایتی لوک رقص کے تحت کموکویا ، بنجارہ ، بونال اور دیگر روایتی رقص کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ 10 تا 13 ڈسمبر روزانہ میوزیکل آرکیسٹرا شو کا اہتمام کیا جائے گا۔1