سلیمہ کی قیادت میں ہندوستانی خاتون ہاکی ٹیم کا اعلان

   

حیدرآباد، یکم مارچ (آئی اے این ایس) ہاکی انڈیا نے آئندہ ایف آئی ایچ ہاکی عالمی کپ 2026 کوالیفائرزکے لیے 20 رکنی ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ یہ مقابلے 8 سے 14 مارچ تک حیدرآباد میں کھیلے جائیں گے۔ میزبان ہندوستان کے ساتھ انگلینڈ، اسکاٹ لینڈ، جنوبی کوریا، اٹلی، یوروگوئے، ویلز اور آسٹریا کی ٹیمیں تین کوالیفائنگ مقامات کے لیے مقابلہ کریں گی۔ کامیاب ٹیمیں اگست میں ہونے والے ایف آئی ایچ ہاکی عالمی کپ بیلجیم و نیدرلینڈزمیں شرکت کریں گی۔ ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں انگلینڈ، جنوبی کوریا، اٹلی اور آسٹریا شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں میزبان ہندوستان، اسکاٹ لینڈ، یوروگوئے اور ویلز شامل ہیں۔ تجربہ کار مڈفیلڈر سلیمہ ٹیٹے ٹیم کی کپتان برقرار رہیں گی۔ گول کیپرکی ذمہ داری بنسری سولنکی اور بچو دیوی کھریبم سنبھالیں گی۔ دفاع میں سشیلا چانو، نکی پردھان، منیشا چوہان، اْدیتا اور اشیکا چودھری شامل ہیں، جبکہ مڈفیلڈ میں نہا، سنیلیتا ٹوپو، ساکشی رانا، ویشناوی پھالکے، روتجہ پیسل اور دیپیکا سورینگ شامل ہوں گی۔ اٹیک کی لائن میں نوینیت کور، اشیکا، لالریمسیا می، بیوٹی ڈنگ ڈنگ، بلجیت کور اور انّو کو موقع دیا گیا ہے۔ ہندوستانی خواتین ٹیم کے نئے کوچ شیورڈ میریانے نے کہا کہ ٹیم بھرپور تیاری کررہی ہے اورکھلاڑیوں کی فٹنس اور حکمت عملی پر خاص توجہ دی جا رہی ہے تاکہ اہم مقابلوں میں بہترین کارکردگی پیش کی جا سکے۔ ہندوستان اپنا پہلا میچ 8 مارچ کو یوروگوئے کے خلاف کھیلے گا، اس کے بعد 9 مارچ کو اسکاٹ لینڈ اور11 مارچ کو ویلز کے خلاف میدان میں اترے گا۔