اڈلی، دوسہ اور چائے کی قیمت میں 5 تا 10 روپے کا اضافہ
حیدرآباد۔ 15 مارچ (سیاست نیوز) گھریلو ایل پی جی گیس سلینڈر کی قیمت میں 906 روپے سے 965 روپے اضافہ اور قلت کے پیش نظر حیدرآباد میں سڑک کے کنارے ناشتہ فروخت کرنے والے کاروباریوں نے قیمت میں اضافہ کردیا ہے۔ حیدرآباد میں اہم مقامات پر سینکڑوں کی تعداد میں چھوٹے کاروباری صبح کے اوقات میں ناشتے کے تحت مختلف اشیاء فروخت کرتے ہیں۔ ایل پی جی سلینڈرس کی قلت کو دیکھتے ہوئے ناشتے کی اشیاء کی قیمت میں 3 تا 5 روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے۔ سابق میں چائے 10 روپے میں فروخت کی جاتی رہی جو 13 تا 15 روپے میں فروخت کی جارہی ہے۔ اڈلی، دوسہ اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں تقریباً 10 روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے۔ ٹفن سنٹرس کے مالکین نے بھی پکوان گیس کی قیمتوں میں اضافہ اور سلینڈرس کی قلت کو دیکھتے ہوئے اشیاء کی تعداد کو کم کردیا ہے۔ ایک طرف قیمتوں میں اضافہ تو دوسری طرف غذائی اشیاء کی کمی سے صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ شہر کے کئی بیکرسیز نے اپنی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔ سلینڈرس کی قیمت میں اضافہ اور بلیک مارکٹنگ میں زائد قیمت کی ادائیگی کا اثر عام آدمی کی جیب پر پڑ رہا ہے۔ 10 تا 15 روپے کا اضافہ کرتے ہوئے ہوٹل مالکین صارفین سے سلینڈرس کے چارجس وصول کررہے ہیں۔ 1