سلیکٹروںکے فیصلے موجودہ کرکٹ کے مطابق نہیں:یوراج

   

نئی دہلی ۔5 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی سابق کرکٹر یوراج سنگھ نے ٹیم کی سلیکشن کمیٹی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کے مستقبل کے حوالے سے عظیم سلیکٹرز سے سوال کریں کیونکہ ہمارے سلیکٹرز کے فیصلے موجودہ دورکی کرکٹ سے مطابقت نہیں رکھتے۔ مہندر سنگھ دھونی کے مستقبل کے حوالے سے شائقین کے ساتھ ساتھ ماہرین کرکٹ بھی تذبذب کا شکار ہیں۔ یاد رہے کہ رواں سال انگلینڈ میں ورلڈ کپ کے بعد سے دھونی نے ٹیم کی نمائندگی نہیں کی اور وہ سیریز بہ سیریز ٹیم سے باہر ہیں۔ یوراج سنگھ بھی سلیکٹر پر تنقید کرنے والوں کی صف میں شامل ہو گئے ہیں اور انہوں نے بھی ٹیم کے لیے نئی سلیکشن کمیٹی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ رواں سال جون میں انٹرنیشنل کرکٹ سے سبکدوش ہوئے یوراج سنگھ نے کہا کہ ٹیم کا انتخاب کرنا ایک مشکل کام ہے کیونکہ جب بھی ہم 15 کھلاڑیوں کو منتخب کرتے ہیں تو لوگ ٹیم سے باہر رہ جانے والے دیگر 15 کھلاڑیوں کے بارے میں سوال کرتے ہیں کہ انہیں کیوں منتخب نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سلیکٹرز موجودہ دور کے تقاضوں سے مطابقت نہیں رکھتے جس کی وجہ سے ہمیں ٹیم سلیکشن میں خامیاں نظر آ رہی ہیں لہٰذا ہمیں بہتر سلیکٹرز کی ضرورت ہے۔ سابق کپتان دھونی کے مستقبل کے حوالے سے سوال پر سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ سلیکٹرز کو اس حوالے سے فیصلہ کرنے کی ضرورت ہے لیکن آپ یہ سوال میرے بجائے سلیکترز سے پوچھیں کہ دھونی کا مستقبل کیا ہے۔آپ جب بھی ملیں تو ہمارے عظیم سلیکٹروں سے اس بارے میں ضرور سوال کریں۔ اس موقع پر انہوں نے ہندوستانی کھلاڑیوں کو کھیل کے دوران کچھ وقت اہلخانہ کے ہمراہ گزارنے کے لیے آرام دینے کا بھی مشورہ دیا اور اس سلسلے میں آسٹریلیا کے گلین میکسویل کی مثال پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کھلاڑی اس لئے اپنی جگہ چھوڑ کر آرام لینا نہیں چاہتے کیونکہ انہیں ڈر ہوتا ہے کہ کہیں وہ ٹیم میں اپنی جگہ نہ گنوا بیٹھیں لہٰذا اس سلسلے میں پلیئرز ایسوسی ایشن بہت اہم ہے۔ یاد رہے کہ گلین میکسویل نے اپنے ذہنی مسائل کے سبب حال ہی میں کچھ عرصے کے لیے کرکٹ سے دور رہنے کا اعلان کیا تھا۔