سماجی انصاف کے راج کا قیام ہی ’نیتاجی‘کو سچا خراج :اکھلیش

   

اٹاوہ:10 اکتوبر(یواین آئی) سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے بانی وسابق وزیراعلیٰ اتر پردیش ملائم سنگھ یادو کی تیسری برسی جمعہ کو پوری ریاست میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ مرکزی تقریب ان کے آبائی گاؤں سیفئی (اٹاوہ) میں ہوئی، جہاں ہزاروں سماجوادی کارکنان اور حامی جمع ہوئے ۔ اس موقع پر پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے ان کی سمادھی پر گلپوشی کرتے ہوئے کہا کہ “نیتاجی نے اپنی زندگی سماج وادی اقدار، جمہوریت اور آئین کی حفاظت کیلئے وقف کردی تھی۔ انہوں نے غریبوں، کسانوں، مزدوروں، پسماندہ طبقات، دلتوں اور اقلیتوں کے حقوق کی جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ آج آئین کو کمزور کرنے اور ریزرویشن ختم کرنے کی سازشیں ہو رہی ہیں۔ بی جے پی حکومت اور اس کی پالیسیاں سماجی انصاف کے خلاف ہیں۔ سماجوادی پارٹی ایسی طاقتوں کو ہمیشہ کیلئے شکست دے گی۔ سماجوادی حکومت قائم کر کے سماجی انصاف کی حکمرانی کی بنیاد ڈالنا ہی نیتاجی کو سچی خراج عقیدت پیش کرنے کے مترادف ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ سیفئی میں نیتاجی کی یاد میں ‘پریرنا استھل’ بنایا جا رہا ہے ، جسے سماجوادیوں کا میموریل قرار دیا گیا ہے ۔ اکھلیش یادو کے مطابق اس پریرنا ستھل کا اہم حصہ 22 نومبر 2026 تک مکمل کر لیا جائے گا اور اسی دن نیتاجی کی سالگرہ پر شاندار تقریب کے ساتھ افتتاح کیا جائے گا۔ اس موقع پر سماجوادی پارٹی کے سینئر رہنمابشمول قومی سینئر جنرل سیکریٹری پروفیسر رام گوپال یادو، جنرل سیکریٹری شیوپال سنگھ یادو، راجیہ سبھا رکن رام جی لال سمن، رکن پارلیمنٹ ڈِمپل یادو، دھرمیندر یادو، اکشے یادو، آدتیہ یادو، تیج پرتاپ یادو، ضلع پنچایت صدر انشل یادو، انوراگ یادو، ادیتی یادو، اپوزیشن لیڈر یوپی اسمبلی ماتا پرساد پانڈے ، اپوزیشن لیڈراترردیش ودھان پریشد، سابق کابینہ وزیر بلرام یادو، رکن پارلیمنٹ دیویش شاکیہ و دیگر موجود تھے۔
، رکن اسمبلی آشو ملک، پردیپ یادو، جے پرکاش انچل اور سابق وزیر امبیکا چودھری خاص طور سے موجودتھے ۔