سماجی بائیکاٹ کے شکار دلت خاندان کو انصاف فراہم کرنے ہائیکورٹ کی ہدایت

   

کلکٹر اور سپرنٹنڈنٹ پولیس نے گاؤں کا دورہ کیا

حیدرآباد۔/25 ستمبر، (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ کے احکامات کے بعد میدک ضلع کے منوہرآباد منڈل میں سماجی بائیکاٹ کا سامنا کرنے والے دلت خاندان کی مدد کیلئے اعلیٰ عہدیدار پہنچے۔ ہائی کورٹ نے ضلع کلکٹر اور سپرنٹنڈنٹ پولیس کو دلت خاندان کے سماجی بائیکاٹ کیلئے ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت دی۔ شیڈول کاسٹ مادیگا طبقہ سے تعلق رکھنے والے شخص نے سماجی بائیکاٹ کی شکایت کرتے ہوئے نہ صرف پولیس میں شکایت درج کرائی بلکہ ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا۔ درخواست گذار نے شکایت کی کہ گاؤں والوں نے ان کا سماجی بائیکاٹ کیا ہے۔ گاؤں میں کسی کے دیہانت پر اس خاندان نے باجا بجانے کی روایت سے انحراف کیا جس کے بعد اعلیٰ طبقات کی جانب سے سماجی بائیکاٹ کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ درخواست گذار اور اس کے بھائی اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں اور وہ حیدرآباد میں ملازمت کررہے ہیں لہذا انہوں نے ارتھی کے آگے باجا بجانے سے انکار کیا تھا۔ جسٹس بی وجئے سین ریڈی نے مقامی حکام کے رویہ پر سخت ناراضگی جتائی اور حکام کو ہدایت دی کہ مذکورہ خاندان کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ عدالت کے احکامات کے بعد کلکٹر راہول راج اور ایس پی ادئے کمار ریڈی نے گاؤں کا دورہ کیا اور مقامی افراد سے ملاقات کی۔ انہوں نے مذکورہ خاندان کے سماجی بائیکاٹ کی صورت میں سخت کارروائی کا انتباہ دیا۔ منوہرآباد پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا اور 16 افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ باقی افراد مفرور بتائے جاتے ہیں۔1