سماجی تحفظ کے پروگراموں کیلئے ورلڈ بینک سے20 کروڑ ڈالر لینے سری لنکا کی تجویز

   

کولمبو : سری لنکا کی وزارتی کابینہ نے سماجی تحفظ کے پروگراموں کیلئے 20 کروڑ امریکی ڈالر حاصل کرنے کیلئے عالمی بینک کے ساتھ بات چیت شروع کرنے کی تجویز کو منظوری دیدی ہے ۔ کابینہ کے ترجمان بنڈولا گناوردینا نے بتایا کہ صدر رانیل وکرماسنگھے نے بطور وزیر خزانہ یہ تجویز پیش کی تھی۔ سری لنکا نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے تعاون سے 48 ماہ کی توسیعی فنڈنگ کی سہولت کے ضمن میں ملک کے سب سے زیادہ کمزور طبقوں کی حفاظت کیلئے ایک مضبوط سماجی تحفظ کے نیٹ ورک کو نافذ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک پہلے ہی سماجی تحفظ کے پروگراموں میں معاونت کیلئے 20 ارب ڈالر کا قرضہ فراہم کرنے پر رضامند ہو چکا ہے اور اس فنڈ کو حتمی شکل دینے کیلئے ورلڈ بینک سے بات چیت ہوگی۔سری لنکا کی وزارتی کابینہ نے اپریل میں اس تجویز کی بھی توثیق کی ہیکہ وزارت خزانہ کو ایشیائی ترقیاتی بینک سے 3.5 کروڑ ڈالر کے قرض اور مزید 15 لاکھ ڈالر کی گرانٹ کیلئے بات چیت کو آگے بڑھانے کا اختیار دیا جائے ۔