سماجی ترقی کیلئے تعلیم اصل بنیاد ‘ اخلاق و اقدار اہمیت کے حامل

,

   

شہری اور دیہی علاقوں کے فرق کو ختم کرنے کی ضرورت پر زور ۔ نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو کا خطاب

حیدرآباد 3 فبروری ( پی ٹی آئی ) نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ کسی بھی سماج کی ترقی کیلئے تعلیم کو ہی بنیاد بنایا جانا چاہئے اور اچھے اخلاق ‘ اقدار اور روایات کے نظام سے اس کو مزید مستحکم بنایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ایسی فراہم کی جانی چاہئے جس کے ذریعہ طلبا اختراعی سوچ کے حامل ہوسکیں اور عصر حاضر کے چیلنجس سے نمٹنے کیلئے بہتر اور نمایاں حل پیش کرسکیں۔ ایک سرکاری اعلامیہ کے بموجب نائب صدر جمہوریہ نے مزید تجویز کیا کہ جو تعلیمی نظام ہے اس میں ہمارے روایتی فنون ‘ آرٹس اور دیگر علوم پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ مسٹر ایم وینکیا نائیڈو وگنانا انسٹی ٹیوٹ آف رورل ڈیولپمنٹ کے طلبا اور وگنانا جیوتی سوسائیٹی کے ارکان سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے طلبا کو روزگار کے متلاشی سے روزگار فراہم کرنے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے والوں میں تبدیل کرسکتے ہیں۔ اس کیلئے ضروری یہ ہے کہ بہتر ماحولیاتی نظام کو ترجیح دی جائے ۔ ہر اعلی تعلیمی ادارے میں طلبا کیلئے مہارت پر مبنی تربیتی پروگرامس شروع کئے جانے چاہئیں۔ نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ ایک مثالی تعلیمی ادارہ وہی ہوتا ہے جس میں طلبا کو ایک مکمل شخصیت میں ڈھالنے پر توجہ دی جاتی ہے اور انہیں زندگی کے چیلنجس سے نمٹنے کا اہل بنایا جاتا ہے ۔ ایسا کرتے ہوئے طلبا میں استحکام ہونا ضروری ہوتا ہے ۔ انہوں نے تعلیمی اداروں پر زور دیا کہ وہ ایسے کونسلرس کا تقرر عمل میں لائیں جو طلبا کی مشکل وقت میں رہنمائی کرسکیں اور ان کو ذہنی اعتبار سے مستحکم بناسکیں۔ انہوں نے ناراضگی کا اظہار کیا کہ ہندوستان کی کوئی یونیورسٹی ایسی نہیں ہے جس کا نام اعلی رینکنگ والے عالمی اداروں میں شامل ہے ۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ ضرورت ہے کہ معیارات کو بہتر بنانے تعلیمی نظام میں تبدیلیاں لائی جائیں۔ عالمی معیار کی تعلیم دی جائے ۔ انہوں نے تعلیم کے شعبہ میں شہری اور دیہی علاقوں کی تفریق کو ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ دیہی علاقوں کے نوجوانوں کو اعلی اور معیاری تعلیم کے مواقع کم دستیاب ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام سطحوں پر تعلیم کے مساوی مواقع ہر ایک کو فراہم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اجتماعی ترقی ممکن ہوسکے ۔ نائب صدر جمہوریہ نے خانگی اور سرکاری تعلیمی اداروں میں بہتر تال میل کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ایسا کرتے ہوئے مہارت رکھنے والوں کو روزگار کے مواقع بھی فراہم کئے جاسکتے ہیں۔ اس کے نتیجہ میں فوڈ سکیوریٹکی کو استحکام حاصل ہوگا اور دیہی علاقوں کے عوام کے معیار زندگی بہتر ہوسکتے ہیں۔