سماجی فاصلہ اور ماسک کا استعمال کورونا وائرس کا بہترین علاج

   

ٹیکہ یا ویکسین کا انتظار کرنے کے بجائے احتیاط لازمی شرط ایک شخص کے متاثر ہونے پر افراد خاندان متاثر ہونے کا امکان
حیدرآباد۔کورونا وائرس کا بہتر ین علاج سماجی فاصلہ اور ماسک کا استعمال ہے۔ کورونا وائرس کے ٹیکہ کا انتظار کر رہے ہندستانیوں بالخصوص حیدرآباد کے شہریوں کا چاہئے کہ وہ کورونا وائرس کے ٹیکہ کا انتظار کرنے کے بجائے اس کے احتیاط کے اقدامات پر توجہ دیں اور ماسک کے لازمی استعمال کو یقینی بنانے کے ساتھ سماجی فاصلہ کی برقراری پر توجہ مرکوز رکھیں۔بازاروں اور دفاتر میں سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے شہری کورونا وائرس کا شکار ہونے سے محفوظ رہ سکتے ہیں لیکن شہر حیدرآباد میں اب بھی کئی لوگوں کی جانب سے ماسک کا استعمال نہیں کیا جارہا ہے اور نہ ہی سماجی فاصلہ کی برقراری کے رہنمایانہ اصولوں پر کوئی توجہ دی جا رہی ہے ۔ ماسک کا استعمال نہ کئے جانے کے سبب جو لوگ کورونا وائرس کا شکار ہوں گے وہ نہ صرف خود پریشان ہوں گے بلکہ وہ اپنے گھر والوں کو بھی اس بیماری میں مبتلاء کرسکتے ہیں اسی لئے ماسک کے استعمال اور سماجی فاصلہ کی برقراری کے ذریعہ کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے علاوہ اپنے گھر والوں کو محفوظ رکھا جاسکتا ہے ۔آئی سی ایم آر ہی نہیں بلکہ عالمی ادارۂ صحت کی جانب سے جو رہنمایانہ خطوط جاری کئے جارہے ہیں ان میں ماسک کے استعمال اور سماجی فاصلہ کو اولین ترجیح دینے کی تاکید کی جا رہی ہے اور صفائی کا خصوصی خیال رکھنے کے لئے کہا جا رہاہے کہ لیکن اس کے برعکس شہر حیدرآباد میں ماسک کے استعمال کے رجحان میں بتدریج گراوٹ دیکھی جا رہی ہے اور سماجی فاصلہ کے رہنمایانہ خطوط کو شہر کے بیشتر تمام علاقوں میں پامال کیا جا رہاہے۔