برلن۔ جرمن صدر فرانک والٹر اشٹائن مائر نے جرمن شہریوں سے رضاکارانہ طور پر ’سوشل ڈسٹنسنگ‘ یا سماجی فاصلے قائم رکھنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے اس اقدام سے ممکنہ لاک ڈاؤن کے خطرات کو روکا جا سکتا ہے۔ جرمن صدر نے ہفت روزہ اخبار ’ بلڈ ام زونٹاگ‘ میں شائع ہونے والے اپنے ایک ’گیسٹ آرٹیکل‘ میں تحریر کیا کہ سماجی رابطے محدود رکھ کر ڈے کیئر سینٹرز، اسکولوں اور دیگر عوامی مقامات کو دوبارہ بند ہونے سے بچایا جا سکتا ہے۔ اشٹائن مائر نے جرمن عوام پر ایک بار پھر زور دیا کہ وہ ویکسین لگوائیں کیونکہ بیماریوں اور شدید انفیکشن سے تحفظ کا یہ واحد ذریعہ ہے۔ جرمن صدر کے بقول جرمنی میں اب بھی ویکسین کا بہت کم استعمال کیا جا رہا ہے۔