اسلامی رہبری کیلئے ہرفرد سے تعلق جوڑنے کی تلقین ، تربیتی نشست سے مولانا غیاث احمد رشادی کا خطاب
کاماریڈی ۔26 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تمام انبیاء کرام نے اللہ کی عبادت، دعوت دین کے ساتھ ساتھ بندوں کی خدمت کا بیڑا اُٹھایا تھا، جس کی وجہ سے انبیاء کرام سماج کی تمام معلومات سے بھی اچھی طرح واقف تھے، موسیٰ علیہ السلام نے مظلوم پر ہونے والے ظلم کو روکا، یوسف علیہ السلام قید خانے میں خواب کی تعبیر سے وقت کے بادشاہ کی رہبری کی ان خیالات کا اظہار کاماریڈی کے مدرسہ کاشف العلوم میں علماء حفاظ کیلئے منعقدہ تربیتی نشست میں مولانا غیاث احمد رشادی (بانی منبر و محراب فاؤنڈیشن و صدر صفا بیت المال انڈیا) نے اپنے خطاب میں کیا۔ انھوں نے کہا کہ آج کے دور میں خواتین کے ایمان کا تحفظ ایک چیلنج بنتا جارہا ہے، جب موسیٰ علیہ السلام نے دو عورتوں کو بے بس و مجبور دیکھا تو اُن کی تکلیف دور کی، اسی طرح سماج میں پائی جانے والی ہر بیماری کا علاج علماء کو انبیاء علیہم السلام کے اُسوہ کے مطابق کرنا چاہئے۔ مولانا غیاث احمد رشادی نے کہا کہ ہماری کوشش ہونی چاہئے کہ سماج کی ہر برائی کا خاتمہ ہو، معاملات لین دین، ناپ تول تمام تر شعبہ جات پر کام کرنا چاہئے۔ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی سماج میں چل پھر کر معاشرہ کی برائیوں کا خاتمہ کیا، بازار سے گزرتے ہوئے جو کی بوری میں ہاتھ ڈالا اس میں موجود نقص کو دھوکہ قرار دیا۔ برائیوں کا خاتمہ سماج سے تعلق رکھنے اور عوام سے میل میلاپ ہی سے ممکن ہے۔ ہر قوم کے نبی نے قوم کے درمیان زندگی گزاری اور اصلاح کی۔ انبیاء علیہم السلام کی یہی زندگی علماء کے لئے اصل میراث ہے، اسی طرح قوم کے علماء کرام کی بھی ذمہ داری ہے کہ سماج کے مسائل خواہ دینی ہو یا دنیاوی ہر معاملات میں قوم کے درمیان رہتے ہوئے حل کرنا ہوگا۔ مولانا رشادی نے یہ بھی کہا کہ ہمیں امام مسجد کے بجائے امام الناس بن کر سماج کی مکمل فکر کرنی چاہئے، ہر مصلی اور محلے کے ہر فرد سے گہرا تعلق قائم کرکے مکمل دینی اسلامی رہبری کرنی چاہئے، کیونکہ کہ آج ستر فیصد مسلمان دین اور اسلامی تعلیمات سے دور ہیں، اور غیروں کی نقالی کررہے ہیں۔ مولانا سید رضوان اسعدی نے تمہیدی گفتگو کی، جبکہ مولانا حسین احمد حسامی نے نظامت کے فرائض انجام دیئے، اور مولوی شیخ نور الالیاس ناظم مدرسہ نے تمام مہمانوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر مولانا شیخ احمد مظاہری، مفتی عرفان قاسمی، مولانا اسلم حلیمی، مفتی فضل الرحمان، حافظ مجاہد، حافظ ابوبکر صدیق، حافظ خواجہ، حافظ غوث، حافظ زکریا، قاری شیخ مشفق، قاری سلیمان کے علاوہ دیگر احباب بھی موجود تھے، نیز اس موقع پر یہ طئے کیا کہ جنوری کی 19 اور 20 تاریخ کو کاماریڈی ضلعی سطح پر شعور بیداری پروگرامز منعقد ہوں گے، جن کی کامیابی کے لئے مولانا حسین احمد حسامی نے مقامی علماء سے معاونت کی گزارش کی۔ حافظ الیاس نے مہمان علماء کرام اور آنے والے تمام علماء و حفاظ کا شکریہ ادا کیا۔