سماجی مسائل کے حل میں تعلیم یافتہ طبقہ کا اہم رول

   

کونسل فار سوشیل ڈیولپمنٹ میں پروفیسرس سے ونود کمار کی ملاقات
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جنوری (سیاست نیوز) نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار نے کہا کہ پروفیسرس اور تعلیم یافتہ طبقہ کو سماجی مسائل کے حل کے سلسلہ میں رہنمائی کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ سماج کو درپیش مسائل کے بارے میں غور و خوض کرتے ہوئے اس کا حل تلاش کیا جانا چاہئے ۔ بی ونود کمار نے کونسل فار سوشیل ڈیولپمنٹ کا معائنہ کیا اور پروفیسرس سے ملاقات کی ۔ انہوں نے درگا بائی دیشمکھ ادارہ کی جانب سے قائم کی گئی لائبریری اور دیگر شعبہ جات کا معائنہ کیا ۔ اس موقع پر ونود کمار نے کہا کہ سماجی مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ تعلیم یافتہ طبقہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس سلسلہ میں نہ صرف عوام بلکہ حکومت کی رہنمائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو سوشیل سائنس سے دلچسپی میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو ریسرچ پر توجہ دینی چاہئے ۔ نوجوانوں ، خواتین ، قبائل ، کسانوں اور پسماندہ طبقات کو درپیش مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے ان کا حل دریافت کرنا چاہئے ۔ ونود کمار نے کہا کہ تلنگانہ ریاست مختلف شعبوں میں دیگر ریاستوں میں سرفہرست ہے۔ تعلیم کے شعبہ میں چیف منسٹر کے سی آر نے انتخابی تبدیلیاں لائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایچ ون ۔ ٹیچ ون پروگرام شروع کیا ہے جس کے تحت ہر تعلیم یافتہ شخص ایک ناخواندہ شخص کو تعلیم سے ہمکنار کرے گا۔ اس موقع پر پروفیسر کلپنا کنابیرن ، پروفیسر ہرگوپال ، پروفیسر نرسمہا ریڈی اور دوسرے موجود تھے ۔