سماجی مساوات اور سیکولرازم کے استحکام میں مہاتما گاندھی کا نمایاں رول

   

حیدرآباد ۔30۔جنوری (سیاست نیوز) مہاتما گاندھی کی برسی کے موقع پر کانگریس پارٹی نے مختلف تقاریب کا اہتمام کرتے ہوئے مہاتما گاندھی کو خراج پیش کیا ۔ ریاستی وزیر پونم پربھاکر کی قیامگاہ پر مہاتما گاندھی کے پورٹریٹ پر پھول نچھاور کئے گئے ۔ ریاستی وزراء ڈی سریدھر بابو ، پونم پربھاکر، رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو ، کونسل میں گورنمنٹ وہپ مہیندر ریڈی ، ارکان اسمبلی پرکاش گوڑ ، ڈی ناگیندر ، رکن کونسل پروفیسر کودنڈا رام اور دیگر قائدین نے مہاتما گاندھی کو خراج پیش کیا۔ کانگریس پارٹی ہیڈکوارٹر گاندھی بھون میں مہیش کمار گوڑ نے مہاتما گاندھی کے مجسمہ پر پھول نچھاور کئے۔ پارٹی کے سینئر قائدین اور عوامی نمائندے اس موقع پر موجود تھے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ ہندوستان کو انگریزوں کی غلامی سے نجات دلانے کیلئے مہاتما گاندھی کی قیادت میں جدوجہد کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ مہاتما گاندھی نے ملک میں سماجی مساوات ، جمہوریت اور سیکولرازم کے استحکام میں اہم رول ادا کیا۔ ملک کو آج مہاتما گاندھی کی تعلیمات کی سخت ضرورت ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے افسوس کا اظہار کیا کہ بعض طاقتیں مہاتما گاندھی کی اہمیت کو گھٹانے کی کوشش کر رہی ہے اور دستور میں تبدیلی کی سازش کی جارہی ہے۔ قانون ساز اسمبلی کے احاطہ میں اسپیکر پرساد کمار نے مہاتما گاندھی کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کئے۔1