نظام آباد: 3/جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)نظام آباد میں عوامی امن، سماجی ہم آہنگی اور قانون کی عمل آواری کو یقینی بنانے کیلئے پولیس کمشنر پی سائی چیتنیا نے شہریوں کیلئے متعدد اہم ہدایات اور پابندیاں جاری کی ہے جو یکم؍ جنوری سے 15 ؍جنوری تک نافذ العمل رہیں گی۔ پولیس کمشنر مسٹر سائی چیتنیا کے مطابق مجسموں کی تنصیب عوام کیلئے مشکلات پیدا کرنے والے مقامات مثلأ گنجان علاقے، پارکس، آئی لینڈس اور سرکاری عمارات کے اطراف ہرگز نہ کی جائے اور کسی بھی مجسمہ کی تنصیب سے قبل ضلع کلکٹر کی سربراہی میں قائم کمیٹی سے اجازت حاصل کرنا لازمی ہوگا، جبکہ صوتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے بلند آواز ڈی جے سسٹم پر پابندی عائد کی گئی ہے، بالخصوص رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک ڈی جے مکمل طور پر ممنوع رہے گا پولیس کمشنر نے واضح کیا کہ جلوسوں، عوامی جلسوں اور اجتماعات میں حد سے زیادہ شور پیدا کرنے والے ڈی جے اور ساؤنڈ سسٹم پر نظام آباد کمشنریٹ کی حدود میں مکمل پابندی رہے گی، کسی بھی جلسہ یا اجتماع کیلئے پیشگی اجازت لازمی ہوگی، 500 افراد تک کے اجتماعات کیلئے متعلقہ اسسٹنٹ پولیس کمشنر اور 500 سے زائد افراد کے پروگرام کیلئے کم از کم 72 گھنٹے قبل پولیس کمشنر سے اجازت حاصل کرنا ضروری ہوگا۔ اسی طرح شاپنگ مالس، سنیما تھیٹرس، ہوٹلس، نمائشوں اور کاروباری مراکز میں سیکوریٹی ضوابط، قطار کے نظام اور نظم و ضبط پر سختی سے عمل آوری کی ہدایت دی ہے۔پولیس کمشنر مسٹر سائی چیتنیا نے شہریوں کو جعلی گلف ایجنٹوں سے ہوشیار رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ بعض عناصر روزگار، پاسپورٹ، ویزا اور سفری سہولتوں کے نام پر عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں، اس لئے ایسے افراد کو مکانات کرایہ پر دینے سے قبل مکمل جانچ کریں اور مشتبہ افراد کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کریں تاکہ شہر میں امن و امان برقرار رہے۔
