آج سے مختلف پروگراموں کا آغاز، گھر گھر مہم اور جلسوں کے انعقاد کا فیصلہ
حیدرآباد۔/10اکٹوبر، ( سیاست نیوز) سماج میں بڑھتی برائیوں کے ازالہ کیلئے جماعت اسلامی کے شعبہ طالبات گرلز اسلامک آرگنائزیشن (GIO) نے 11 تا 24 اکٹوبر ریاستی سطح پر مہم کا اعلان کیا ہے۔ ’ نہی عن المنکر ‘ کے عنوان سے اس مہم کا مقصد معاشرہ سے اخلاقی برائیوں کا ازالہ اور ان کے سدباب کی راہ ہموار کرنا ہے۔ جی آئی او کی 14 روزہ مہم کے ذریعہ اس بات کی کوشش کی جائے گی کہ معاشرہ کی سماجی اور اخلاقی برائیوں کے بارے میں عوام کو آگاہ کیا جائے کہ ان برائیوں کے معاشرہ پر مضر اثرات کس طرح مرتب ہوتے ہیں اور کس طرح خاندان تباہی اور زوال کا شکار ہوسکتے ہیں۔ شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند تلنگانہ کی ریاستی ناظمہ محترمہ آسیہ تسنیم ، محترمہ رمیصہ فاطمہ، ریاستی صدر جی آئی او تلنگانہ اور جنرل سکریٹری محترمہ ام مہمین صائمہ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سماج میں دن بہ دن اخلاقی برائیوں میں اضافہ سماج کو کھوکھلا بنارہا ہے۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے کہ سب سے کامل ایمان اس شخص کا ہے جس کے اخلاق سب سے اچھے ہیں۔ آج معاشرہ میں جھگڑا ، فساد، حق تلفی، ظلم و زیادتی، کینہ، حسد، قتل و غارت گری، رشوت خوری، سود خوری، دھوکہ دہی، جھوٹ اور دیگر اخلاقی جرائم عام ہوچکے ہیں۔ اخلاق کسی بھی قوم کی زندگی کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ معاشرہ کے بناؤ اور بگاڑ کا دارومدار اخلاق پر ہے۔ اگر معاشرہ اخلاقی برائیوں کے بحران سے دوچار ہو تو پھر ایسا معاشرہ ترقی کے اعلیٰ درجات کو نہیں پاسکتا بلکہ پستی اس کا مقدر بن جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 14 روزہ مہم کے دوران ورکشاپ کا انعقاد، سلم علاقوں میں پروگرامس، کیمپس اور ہاسٹل پروگرامس کے علاوہ میٹریل کے ذریعہ مہم کے پیغام کی ترسیل کا کام انجام دیا جائے گا۔ عام جلسوں اور ریاستی سطح پر کوئیز کے مقابلے ہوں گے۔ شعبہ خواتین اور جی آئی او کے ذمہ داروں نے طالبات اور خواتین سے خواہش کی ہے کہ وہ اس مہم میں بھرپور حصہ ادا کریں اور یہ عزم کریں کہ سماج میں بدلاؤ کے ذریعہ اخلاقی برائیوں سے معاشرہ کو پاک بنایا جائے گا۔ر