سماج میں بہتر مقام پانے طلبہ کو نشانہ مقرر کرنے کا مشورہ

   

سدی پیٹ میں جلسہ یوم تعلیم و قومی یکجہتی ، جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست کا خطاب
حیدرآباد ۔ 6 ۔ جنوری : ( پریس نوٹ ) : انجمن محبان اردو تلنگانہ کا جلسہ یوم تعلیم و قومی یکجہتی 5 جنوری کو گرلز جونیر کالج آڈیٹوریم سدی پیٹ زیر صدارت سید مسکین احمد منعقد ہوا ۔ اس موقع پر مہمان خصوصی جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے مخاطب کرتے ہوئے طلباء وطالبات کو علم حاصل کرنے اور سماج میں بہتر مقام پیدا کرنے کے لیے پہلے اپنا نشانہ مقرر کرلینے کا مشورہ دیا اور کہا کہ اس کے حصول تک جدوجہد کرتے ہوئے اپنے مقصد کی تکمیل کرنی چاہئے ۔ تعلیم اور بہترین صلاحیتوں کو اپنی شخصیت میں ڈھالنا چاہئے ۔ انہوں نے اس موقع پر انجمن محبان اردو کی کاوشوں کی سراہنا کی اور کہا کہ مجھے ہر سال شرکت سے خوشی ہوتی ہے جہاں طلباء اور طالبات کا بہترین تعلیمی معیار دیکھنے کو ملتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ پرست لاکھ کوشش کرلیں ہندوستان میں ہمیشہ قومی یکجہتی قائم رہے گی ۔ صدر جلسہ جناب مسکین احمد مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ روزنامہ سیاست نے ہمیشہ سدی پیٹ کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خاصی دلچسپی لی ہے چنانچہ جناب عابد علی خاں صاحب مرحوم ، جناب محبوب حسین جگر صاحب مرحوم کے بعد جناب زاہد علی خاں صاحب اور جناب عامر علی خاں صاحب انجمن کی دعوت کو ہمیشہ قبول کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اردو کے ساتھ تلگو ذریعہ تعلیم طلباء کے لیے مقابلے رکھ کر یکساں انعامات دئیے جارہے ہیں ۔ جس سے طلباء میں قومی یکجہتی کا جذبہ فروغ پارہا ہے ۔ اس موقع پر مہمان خصوصی پروفیسر مجید بیدار ، اسد الرحمن ظفر ( آسٹریلیا ) ، غوث محی الدین زمیندار ، محمد زبیر حسین کے علاوہ اول انعام حاصل کرنے والے اردو ، تلگو طالبات نے اپنی غیر معمولی تقریری صلاحیت سے جلسہ کو گرمادیا ۔ ناصر پورہ اسکول کی طالبہ یاسمین نے ’ اردو نظم ‘ اپنے بہترین ترنم سے سنا کر داد حاصل کی جس کو انعام سے نوازا گیا ۔ ابتداء میں محمد عبدالصبور نائب صدر نے مہمانوں کی شال پوشی و گلپوشی کی ۔ جناب عامر علی خاں اور مجید بیدار کے ہاتھوں طلباء میں نقد انعامات تقسیم کئے گئے ۔ طلباء وطالبات ، اساتذہ اور محبان اردو کی کثیر تعداد کی شرکت سے آڈیٹوریم اپنی تنگ دامنی کا شکوہ کررہا تھا ۔۔