تعلیم کے ساتھ سائنس پر توجہ دی جائے، ہریش راؤ نے سائنس اگزیبیشن کا افتتاح کیا
حیدرآباد ۔4۔ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر فینانس ہریش راؤ نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ ایسے ذمہ دار شہری تیار کریں جنہیں سماج کی بھلائی کی فکر ہو۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ ملک کا مستقبل ہیں اور انہیں فرائض کی یاد دہانی کے ساتھ ذمہ دار شہری بنانا اساتذہ کی ذمہ داری ہے۔ ہریش راؤ سدی پیٹ کے کونڈا پارک منڈل میں ضلع سطح کی سائنس اگزیبیشن کا افتتاح کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ طلبہ کو سائنس و ٹکنالوجی کے شعبہ میں دلچسپی پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس سلسلہ میں اساتذہ اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔ طلبہ کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں سائنس اگزیبیشن اہم رول ادا کرسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں پلاسٹک کے استعمال پر پابندی کے سلسلہ میں مہم چلائی جارہی ہے۔ سدی پیٹ کو پلاسٹک کے استعمال سے پاک بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ اپنی بہتر صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایس ایس سی نتائج میں سدی پیٹ کو ریاست میں پہلا مقام دلائیں۔ تعلیم کے ساتھ ساتھ طلبہ کی صحت پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اسکولوں میں ہر کلاس کے بعد جس طرح گھنٹہ بجایا جاتا ہے ، اسی طرح طلبہ کو پانی نوش کرنے کیلئے بھی گھنٹہ بجایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے موثر استعمال کے ذریعہ کئی بیماریوں سے بچا جاسکتا ہے ۔ ہریش راؤ نے گورنمنٹ جونیئر کالج میں دوپہر کے کھانے کی اسکیم متعارف کرنے کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ میں سائنس و ٹکنالوجی سے دلچسپی اور رغبت میں اضافہ کیلئے سدی پیٹ میں ریاستی سطح کا سائنس فیر منعقدکیا جائے گا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ طلبہ کو صرف رینک اور نشانات کیلئے دوڑ دھوپ کرنے کے بجائے اپنی صلاحیتوں کو سائنسی تخلیقات میں استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ریاست میں ہر غریب خاندان کو معیاری تعلیم فراہم کرنے میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔ ریاست میں سرکاری اسکولوں کے طلبہ کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پلاسٹک کے مضر اثرات کے بارے میں شعور بیداری کے ساتھ ساتھ اسکول کی سطح پر پلاسٹک کے استعمال پر روک لگانے کی مساعی کی جائے ۔ ہریش راؤ نے اس موقع پر طلبہ کی جانب سے تیار کردہ سائنسی نمائش کا مشاہدہ کیا اور طلبہ کی صلاحیتوں کی ستائش کی ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ایس ایس سی امتحانات کا 19 مارچ سے آغاز ہوگا ۔ طلبہ اور اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایس ایس سی نتائج میں سدی پیٹ کو ریاست میں پہلا مقام دلائیں۔ گزشتہ سال ایس ایس سی نتائج 99.3 فیصد رہے جبکہ انٹرمیڈیٹ نتائج 43 فیصد رہے۔ جونیئر کالجس کے لکچررس کو نتائج بہتر بنانے کے اقدامات کرنے چاہئے۔ انہوں نے کونڈا پارک کے جونیئر کالج میں دوپہر کے کھانے کی اسکیم کے آغاز کا طلبہ کو تیقن دیا۔