یوم اساتذہ تقریب سے اسپیکر اسمبلی پرساد کمار کا خطاب، سرکاری اسکولوں کی کارکردگی کی ستائش
حیدرآباد ۔5۔ ستمبر (سیاست نیوز) اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی جی پرساد کمار نے کہا کہ سماج میں قابل اور ذمہ دار شہریوں کی تیاری میں اساتذہ کا اہم رول ہوتا ہے اور اساتذہ ملک کی ترقی میں اہم رول ادا کرتے ہیں۔ اسپیکر اسمبلی نے آج یوم اساتذہ کے موقع پر وقار آباد میں منعقدہ تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ مقامی ارکان اسمبلی ٹی رام موہن ریڈی ، بی منوہر ریڈی ، کے یادیا ، رکن کونسل پی مہیندر ریڈی ، ضلع کلکٹر پرتیک جین ، ضلع ایس پی نارائن ریڈی اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر اسپیکر نے ضلع سے تعلق رکھنے والے 39 اساتذہ کو تہنیت پیش کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر اسمبلی نے کہا کہ سماج میں خدمت کا جذبہ رکھنے والے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اساتذہ کی ذمہ داری ہے۔ اساتذہ ملک کے لئے قابل شہری تیار کرنے میں اہم رول ادا کرتے ہیں۔ مہاتما جیوتی راؤ پھولے اور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر نے تعلیم کے ذریعہ ہی سماج میں اپنی شناخت بنائی۔ ایسی عظیم شخصیتوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک کیلئے مستقبل کے قائدین تیار کرنا اساتذہ کی ذمہ داری ہے۔ سماج میں اساتذہ کو احترام اور قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ۔ والدین کے بعد اساتذہ قابل احترام ہیں جو نوجوانوں کی ترقی میں اہم رول ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت تعلیم اور صحت کے شعبہ پر خصوصی توجہ مرکوز کر رہی ہے۔ اسپیکر اسمبلی نے کہا کہ اسکول سے یونیورسٹی تک بہتر تعلیم کی فراہمی کیلئے حکومت نے ایجوکیشن کمیشن کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے سرکاری اسکولوں میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے علاوہ بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کا ذکر کیا۔ اسپیکر نے کہا کہ 26 ہزار اسکولوں میں 20 لاکھ سے زیادہ طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ طلبہ کے تابناک مستقبل کو یقینی بنانا اساتذہ کی ذمہ داری ہے۔ حکومت نے محکمہ تعلیم کے لئے بجٹ میں 21 ہزار کروڑ مختص کئے ہیں۔ ہر اسمبلی حلقہ میں 20 ایکر اراضی پر انٹیگریٹیڈ اسکولس کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ اسپیکر نے اقامتی اسکولوں کی کارکردگی کی ستائش کی۔ 1