سماج وادی پارٹی میں واپسی ناممکن،اتحاد ممکن : شیوپال یادو

   

لکھنو۔10جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) پی ایس پی ( ایل) کے بانی شیوپال یادو نے آج اعتماد ظاہر کیا کہ مرکز میں آئندہ حکومت کسی تنہا پارٹی کی تشکیل نہیں پاسکتی اور پُرزور انداز میں کہا کہ سماج وادی پارٹی کے ساتھ انضمام کا کوئی امکان نہیں ہے ،تاہم اس سے اتحاد کیلئے ان کے دروازے کھلے ہیں ۔ ترقی پسند سماج وادی پارٹی (لوہیا) کے صدر نے اخباری نمائندوں کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اُن کی پارٹی ریاست میں انتخابی میدان میں اترے گی اور تقریباً تمام اضلاع کا احاطہ کرے گی ، کیونکہ ہمیں زبردست ردعمل حاصل ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام 80لوک سبھا نشستوں پر مقابلہ کریں گے اور ممکن ہو تو اتحاد کرنے کیلئے بھی تیار ہیں ۔ سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اعظم خان کے بیان کے بارے میں کہ صدر سماج وادی پارٹی اکھلیش یادو اور اُن کے نئی پارٹی کے بانی چچا کو ایک بار پھر مشروط طور پر متحد ہوجانا چاہیئے ، کہا کہ اگر شرائط اُن کی تائید میں ہوں تو ایسا کیا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس کا کوئی امکان نہیں ہے۔تاہم ، ہم ایس پی کے ساتھ اتحادکیلئے تیار ہیں ۔