نئی دہلی24جنوری(سیاست ڈاٹ کام) خواتین و اطفال کے فلاح وبہبود کی وزیر مینکا گاندھی نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے مودی حکومت کے عزم کوظاہر کرتے ہوئے جمعرت کو کہا کہ ‘بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ’یوجنا کے نافذ ہونے کے بعد س بیٹیوں کے تئیں سماجی ذہنیت میں تبدیلی دیکھی جارہی ہے ۔منیکا گاندھی نے یہاں‘بیٹی بچاؤبیٹی پڑھاؤ’ یوجنا کے سالانہ پروگرام کا اففتاح کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نریندرمودی کی پہل پرحکومت نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے کئی پروگرام شروع کئے ہیں۔ان میں ‘بیٹی بچاؤبیٹی پڑھاؤ’ کے علاوہ ‘پردھان منتری ماتروندن’جیسی یوجنائیں بھی شامل ہیں۔حکومت نے بیٹیوں کے تئیں سماج کی ذہنیت میں تبدیلی لانے کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں جن کا اثر صاف دیکھا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر خواتین واتفال کے فلاح وبہبود کے وزیرمملکت ویریندر کمار اور وزارت کے سینئر افسر بھی موجود تھے ۔‘بیٹی بچاؤبیٹی پڑھاؤ’ یوجنا کی شروعات وزیراعظم نے جنوری 2015کو ہریانہ کے پانی پت میں کی تھی۔ تقریب میں بچیوں کا قومی دن بھی منایا گیا۔اس کا موضوع ‘روشن مستقبل کیلئے لڑکیوں کو بااختیار بنانا’تھا۔بچیوں کے قومی دن کا مقصد بچوں کے گرتے ہوئے صنفی تناسب(سی ایس آر)کے بارے میں بیداری پیدا کرنا اور بچیوں کیلئے موزوں ماحول بنانا ہے ۔