سماج کی رہبری کیلئے صحافی آگے آئیں محبوب نگر میں ٹی یو ڈبلیو جے ایف کا اجلاس

   

محبوب نگر۔ 3؍مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ صحافی سماج میں اپنی حیثیت کو جانیں، سماج کو سدھارنے کے لئے اپنے قلم کی طاقت کو استعمال کریں۔ ان خیالات کا اظہار ایم اے ماجد صدر ٹی یو ڈبلیو جے ایف و سابق ممبر پریس کونسل آف انڈیا نے کیا۔ وہ مستقر محبوب نگر پر بحیثیت مہمان خصوصی ٹی یو ڈبلیو جے ایف (متحدہ ضلع محبوب نگر) کے سالانہ اجلاس سے مخاطب تھے۔ مہمانانِ اعزازی کی حیثیت سے ریاستی نائب صدر سید احمد جیلانی، سید عظمت علی شاہ، محمد غوث محی الدین، سینئر صحافی شیخ عبداللہ، عبدالاحد صدیقی نے صدارت کی۔ ایم اے ماجد نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کے مسائل کے حل کے لئے ممکنہ جدوجہد جاری رکھیں گے۔ جی او 239 کو کالعدم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ موجودہ چیف منسٹر ریونت ریڈی سے بہت جلد ملاقات کرکے اُردو صحافیوں کے مسائل سے واقف کروایا جائے گا۔ اضلاع کی اکریڈیٹیشن کمیٹیوں میں اُردو صحافیوں کی شمولیت کے لئے پریس اکیڈیمی کے چیرمین سرینواس ریڈی سے نمائندگی کی جاچکی ہے۔ انھوں نے صحافیوں سے اپیل کی کہ وہ تنظیمی اختلافات کو بالائے طاقت رکھتے ہوئے اتحاد و اتفاق کے ذریعہ اپنے مسائل کے لئے آواز اٹھائیں۔ انھوں نے مشورہ دیا کہ صحافی سماج کی رہبری کے لئے آگے آئیں اور ارباب مجاز پر مسائل کے حل کے لئے دباؤ بنائیں۔ اپنے قلم سے ارباب اقتدار کو جھنجھوڑیں۔ انھوں نے ٹی یو ڈبلیو جے ایف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اُردو صحافیوں کی مؤثر نمائندگی کررہی ہے۔ حکومت کے علاوہ تنظیم کی جانب سے بھی صحافیوں کی امداد کی جارہی ہے۔ سید عظمت علی شاہ، محمد غوث محی الدین، شیخ عبداللہ نے بھی مخاطب کیا۔ ملاشہاب الدین، محمد جعفر، عبدالعلیم صدیقی نے انتظامات میں حصہ لیا۔ محمد تقی حسین تقی نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ محمد عبدالمجیب صدر محبوب نگر، محمد مبین، محمد کمال الدین، مالم اسحاق نے بھی مخاطب کرتے ہوئے اُردو صحافیوں کو درپیش بنیادی مسائل سے واقف کروایا۔ اجلاس میں محمد مقصود سٹی انڈیا نیوز، محمد علی اے این اے، محمد سراج قادری، ابراہیم قادری، عیسیٰ عمودی کانگریس کے علاوہ دیگر اضلاع سے محمد شفیع الدین، عبدالواحد، امیرالدین، محمد اظہر، غیاث الدین، ثناء اللہ، عبدالوسیم، محمد حسین، محمد نواز، عبدالرحیم، شفیع الدین، محمد معز، محمد اسمٰعیل جبکہ محبوب نگر کے مرزا وسیم بیگ، عبدالقیوم حسین، عبدالتوحید، محمد افضل، محمد عظمت علی حیدر، اشفاق شاہ جمیل، معین، عبداللہ، امتیاز، ابوذر، صادق کے علاوہ دیگر موجود تھے۔