سماعت و گویائی سے محروم بیوی کا شوہر کے ہاتھوں قتل

   

وحشیانہ سلوک پر احمد نگر میں سنسنی، قاتل ابراہیم کے خلاف مقدمہ درج

حیدرآباد: ہمایوں نگر کے علاقہ میں ایک شخص نے حملہ کرتے ہوئے اپنی بیوی کا مبینہ طور پر قتل کردیا۔ قتل کی اس واردات کے بعد احمد نگر علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ انسپکٹر ہمایوں نگر پولیس اسٹیشن کے سنیل نے بتایا کہ ابراہیم کے خلاف اس کی بیوی کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ ذرائع کے مطابق آفرین بیگم سماعت اور گویائی سے محروم تھی۔ ابراہیم نے اپنی بیوی سے اولاد نہ ہونے پر آفرین سے دوسری شادی کی تھی اور اس سے دو لڑکیاں پیدا ہوئیں۔ کل رات دونوں میاں بیوی میں بحث و تکرار ہوئی اور ابراہیم پر یہ الزام ہے کہ اس نے آفرین کے سر کو دیوار سے ٹکرادیا اور پیٹ پیٹ کر اس مجبور خاتون کا قتل کردیا۔ انتہائی وحشیانہ سلوک کرتے ہوئے تقریباً ایک گھنٹے تک آفرین کو فرش پر تڑپتا ہوا چھوڑ دیا اور مکان سے ان کی والدہ اور والد کسی کو بھی باہر جانے نہیں دیا اور نہ ہی کسی کو مدد کیلئے آگے آنے دیا۔ یہ بات آفرین کے بھائی اسمعیل نے میڈیا کو دیئے گئے ایک بیان میں بتائی۔ آفرین کو جب پہلی لڑکی پیدا ہوئی تب سے ابراہیم کا رویہ بدل گیا تھا اور وہ آفرین کو مائیکے میں رکھتا تھا اور اکثر آیا جایا کرتا تھا۔ بڑی لڑکی کو وہ اپنے ساتھ رکھنے کیلئے ضد کررہا تھا جبکہ اس کے ساتھ اس کی پہلی بیوی رہتی تھی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق آفرین کو فٹس کی بیماری تھی اور سمجھا جارہا ہے کہ فٹس کے سبب آفرین فرش پر گر کر ہلاک ہوگئی۔ لیکن آفرین کے بھائی اسمعیل نے بتایا کہ شادی کے بعد جو تین سال قبل ہوئی آفرین کو فٹس کی شکایت ختم ہوگئی تھی اور اسے اب ایسی کوئی بیماری نہیں تھی۔ اسمعیل نے سٹی پولیس اور حکومت تلنگانہ سے ابراہیم کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا اور آفرین اور اس کی دونوں لڑکیوں سے انصاف کی مانگ کی۔