حیدرآباد۔ جنوبی فلموں کی اداکارہ سمانتھا روتھ پربھو صحت یاب ہونے کے بعد اپنی معمول کی زندگی میں واپس آگئی ہیں۔ اداکارہ اس وقت ممبئی میں ہیں جہاں وہ اپنی آنے والی ویب سیریزسٹی ڈیل کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ دریں اثناء اداکارہ کے بارے میں ایک انتہائی حیران کن خبر سامنے آئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ سمانتھا روتھ پربھو نے اللو ارجن اور رشمیکا مندنا ، ڈائریکٹر سوکمار کی فلم پشپا2 کی پیشکش ٹھکرا دی ہے۔ جی ہاں، فلمی اداکارہ کے مداح بھی اس خبرکو ہضم نہیں کر پا رہے۔ ہر کوئی حیران ہے کہ اداکارہ نے پشپا 2 کی پیشکش کیوں ٹھکرا دی۔ وہ بھی جب فلم کے پہلے حصے کا آئٹم سانگ اوانٹاوا، جو اداکارہ پر فلمایا گیا تھا، بہت مقبول ہوا ہے ۔ اس گانے کی شہرت شمالی ہند تک پہنچ گئی ۔ قیاس کیا جارہا ہے کہ سمانتھا کا مبینہ طور پر یہ پیشکش کو مسترد کرنا ایک بار پھر ٹالی ووڈ انڈسٹری میں یہ چرچا بن گیا ہے کہ اداکارہ تلگو فلم انڈسٹری کو نظر اندازکررہی ہیں۔ اداکارہ کی ویب سیریز ہندی میں ریلیز ہونے جا رہی ہے۔ جس کی شوٹنگ کے لیے اداکارہ نے مبینہ طور پر وجے دیوراکونڈا کی فلم خوشی کی شوٹنگ روک دی ہے۔ اب اداکارہ نے پشپا 2 کی پیشکش ٹھکرا کر مداحوں کو بھی حیران کر دیا ہے ۔اگر رپورٹس پر یقین کیا جائے تو ہدایت کار سوکمار نے اوانٹاوا کی بمپر کامیابی کو دیکھتے ہوئے پشپا 2 میں سمانتھا روتھ پربھو پر ایک آئٹم سانگ فلمانے کا منصوبہ بنایا تھا۔
