سمان وے بیٹھک میں آر ایس ایس کی سماجی چیالنجس پر توجہ

   


حیدرآباد ۔ 10 ستمبر (سیاست نیوز) راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) سے تحریک پانے والی تنظیموں کے سہ روزہ اکھیل بھارتیہ سمان وے بیٹھک (کوآرڈینیشن میٹنگ) کا آج ریاست چھتیس گڑھ کے دارالحکومت رائے پور میں آغاز ہوا۔ اس اجلاس کے سلسلہ میں آر ایس ایس کے اکھیل بھارتیہ پرچار پرمکھ سنیل امبیڈکر نے جمعہ کی شام میڈیا کو بتایا کہ اس اجلاس میں سماج کی خدمت کیلئے مختلف میدانوں میں کام کررہی تنظیموں کے نمائندے شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ ایک جامع اجلاس ہے جو سال میں ایک مرتبہ منعقد ہورہی ہے‘‘۔ سرسنگھ چالک ڈاکٹر موہن بھاگوت کے علاوہ تمام پانچ سا سرکاریہ واہ۔ ڈاکٹر کرشنا گوپال، ڈاکٹر منموہن ویدیا، ارون کمار، مکندا اور رام دت چکرادھر کے ساتھ ساتھ تنظیم کے دیگر عہدیدار اس اجلاس میں موجود رہیں گے جس کا اختتام 12 ستمبر کو ہوگا۔ اس اجلاس میں 36 تنظیموں کے نمائندے شرکت کریں گے۔ ان میں ودیابھارتی اکھیل بھارتیہ ودیارتھی پریشد، ساکشم، ون واسی کلیان آشرم، سیوا بھارتی، وشوا ہندو پریشد، راشٹرا سیویکاسمیتی، بھارتیہ جنتا پارٹی، اکھیل بھارتیہ مزدور سنگھ، اکھیل بھارتیہ کسان وغیرہ شامل ہیں۔ سنیل امبیڈکر نے مزید کہا کہ سنگھ اس طرح کی تنظیموں میں سرگرم والینٹرس کے ساتھ ارتباط کرتا ہے۔ سنیل امبیڈکر نے کہا کہ ’’اس اجلاس میں ان تنظیموں کی سرگرمیوں کے بارے میں معلومات حاصل کی جائیں گی اور ماحولیات، خاندانی بیداری اور سماجی ہم آہنگی جیسے عنوانات پر کی جانے والی کاوشوں پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا‘‘۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس اجلاس میں گاؤ۔سیوا، ماحولیات، تعلیم اور نظریاتی شعبہ، عالمی معیشت، سماجی کام اور قومی سلامتی سے متعلق مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا اور ان امور پر مباحث ہوں گے۔