مپوتو،19مارچ(یو این آئی)موزمبیق کے صدر کا کہنا ہے کہ موزمبیق اور زمبابوے میں آنے والے سمندری طوفان ‘ادائی’ سے ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز ہو سکتی ہے ۔افریقی ممالک موزمبیق اور زمبابوے میں طوفان ‘ادائی’ سے ہلاکتوں کی تعداد گذشتہ روز سو سے زیادہ اور متعدد افراد کو لاپتہ بتایا گیا تھا۔امدادی تنظیم کا کہنا ہے کہ طوفان سے موزمبیق کے ساحلی شہر بیئرا کا 90 فیصد علاقہ شدید متاثر ہوا ہے ، شہر کی بجلی غائب، ایئرپورٹ بند اور زمینی رابطہ منقطع ہے ، شہر کا زیادہ تر حصہ پانی میں ڈوبا ہے اور جگہ جگہ تباہی کے مناظر ہیں۔واضح رہے کہ سمندری طوفان‘ ادائی’ جمعہ اور ہفتہ کو زمبابوے اور موزمبیق سے ٹکرایا تھا۔ذرائع نے بتایا کہ راحت رسانی کے کام جاری ہیں ۔لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔