نیویارک:رواں برس کا 16 واں تباہ کن سمندری طوفان اوفیلیا امریکی ریاست کیرولینا سے ٹکرا گیا، تیز ہواوں کے ساتھ موسلادھار بارش سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق تین امریکی ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ ہے جبکہ حکام نے ساحلی علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق طوفان کے زیرِاثر ساحلی علاقوں میں 113 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار سے ہوائیں چلنے لگی جبکہ تیز ہواں کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق شمالی کیرولینا کی مشرقی کانٹیز میں ہزاروں صارفین بجلی سے محروم ہوگئے ہیں جبکہ شمالی کیرولینا اور ورجینیا کے کچھ حصوں میں 20 سینٹی میٹرتک بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔