442 گاوؤں میں الرٹ، 74 ہزار افراد محفوظ مقامات پر منتقل‘8ریاستوں میں چوکسی
گاندھی نگر: بائپر جوائے نامی گردابی طوفان نے گجرات اور سوراشٹر اکے ساحل پر دستک دے دی ہے۔ اس کی وجہ سے کچ اور سوراشٹرا میں لینڈ فال شروع ہو گیا ہے جو آدھی رات تک جاری رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر مرتیونجے موہا پاترا نے بتایا کہ یہ 115تا 125 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہا ہے۔ ادھر سوراشٹرا اور کچ میں موسلادھار بارش ہو رہی ہے۔آئی ایم ڈی نے بتایا کہ طوفان سے ٹکرانے کا عمل شروع ہو گیا ہے جو تین سے چار گھنٹوںمیں مکمل ہو جائے گا۔ قبل ازیں مرکزی وزیر داخلہ ا میت شاہ نے گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل، ریاستی وزیر داخلہ ہرش سنگھوی، این ڈی آر ایف کے ڈی جی اور دیگر بچاؤ ٹیم کے سربراہوں کے ساتھ طوفان کے اثرات کا جائزہ لیا۔نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس‘ اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کے علاوہ فوج، فضائیہ، بحریہ اور بارڈر سیکورٹی فورس کے اہلکاروں کو طوفان سے امکانی طور پرمتاثر ہونے والے مقامات پر تعینات کیا گیا ہے۔ میڈیا نے ایک اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ فوج نے بھج، جام نگر، گاندھی دھام کے ساتھ ساتھ نالیہ، دوارکا اور مانڈوی میں 27 امدادی ٹیمیں آگے کی جگہوں پر تعینات کی ہیں۔ اس کے علاوہ فضائیہ نے وڈودرا، احمد آباد اور دہلی میں ایک ایک ہیلی کاپٹر کو تیار رکھا ہے۔ بحریہ نے ریسکیو اور ریلیف کیلئے اوکھا، پوربندر اور باکاسور میں 10تا15 ٹیمیں تعینات کی ہیں۔بائپر جوائے کے ممکنہ نقصان کے پیش نظر مرکزی اور ریاستی حکومت کے ساتھ انتظامیہ بھی راحت اور بچاؤ کے کام کی تیاریوں میں مصروف ہے۔این ڈی آر ایف نے طوفان سے نمٹنے کیلئے گجرات اور مہاراشٹرا میں ٹیمیں تعینات کی ہیں۔ گجرات میں 18 ٹیمیں متحرک رہیں گی۔اس کے علاوہ دادر اور نگر حویلی کے ساتھ ساتھ دمن اور دیو میں بھی ایک ٹیم موجود رہے گی۔ این ڈی آر ایف کی 4 ٹیمیں گجرات کے کچ ضلع میں، تین ٹیمیں راجکوٹ اور تین دوارکا میں تعینات کی گئی ہیں۔گجرات کے جام نگر میں دو ٹیمیں، پوربندر، جوناگڑھ، گر سومناتھ، موربی، ولساڈ اور گاندھی نگر میں ایک ایک ٹیم تعینات کی گئی ہے۔ مہاراشٹر ا میں 14 ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ اس میں سے 5 کو ممبئی میں تعینات کیا گیا ہے، جبکہ باقی کو الرٹ موڈ پر رکھا گیا ہے۔ہر ٹیم میں تقریباً 35 تا40 ملازمین پر مشتمل عملہ ہوتا ہے۔ سبھی درختوں اور کھمبوں کو کاٹنے والے آلات، کشتیوں اور بنیادی ادویات سے لیس ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق 15 جون کو بحیرہ عرب کے شمال مشرق میں بہت زیادہ حرکت ہوگی۔ سمندر میں 9 فٹ سے 20 فٹ تک طوفانی لہریں اٹھیں گی۔ سمندر میں بلند لہر آنے سے ساحلی علاقوں میں بھاری نقصان کا خدشہ ہے۔اطلاعات کے مطابق 8ریاستوں میں چوکسی اختیار کی گئی ہے۔
سمندری طوفان سے نمٹنے کیلئے 1521شیلٹر ہومز
گاندھی نگر: گجرات میں سمندری طوفان بائپر جوائے سے نمٹنے کے لیے ، کچھ سوراشٹر خطے کے آٹھ اضلاع میں فوری طور پر 1521 شیلٹر ہومز بنائے گئے ہیں اور اب تک کل 94 ہزار سے زیادہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے ۔ ان میں 8930 بچے ، 4697 بزرگ اور 1131 حاملہ خواتین شامل ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق 75 کثیر المقاصد سائیکلون شیلٹرز 25 جوناگڑھ میں، 29 گیر سومناتھ میں، چار پوربندر میں، چار دیو بھومی دوارکا میں، پانچ کچھ میں، دو امریلی میں، ایک جام نگر میں، ایک نوساری میں، پانچ بھروچ اور ایک احمد آباد میں بنائے گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ سمندری طوفان بائپر جوائے کی وجہ سے وزیراعلیٰ بھوپیندر پٹیل کی قیادت اور رہنمائی میں کچھ سوراشٹر خطہ کے ان آٹھ اضلاع میں فوری طور پر 1521 شیلٹر ہومز بنائے گئے ہیں۔ ان میں سے جوناگڑھ میں 196، کچھ میں 173، جام نگر میں 56، پوربندر میں 140، دیو بھومی دوارکا میں 182، گیر سومناتھ میں 507، موربی میں 31 اور راجکوٹ میں 236 شیلٹر ہوم قائم کیے گئے ہیں۔