سمندری طوفان سے ویتنام کی بندرگاہ کے قریب صدیوں پرانے جہاز کا ملبہ دریافت

   

ہنوئی، 11 نومبر (یو این آئی) سمندری طوفان ’کلمیگی‘کے باعث شدید ساحلی کٹاؤ نے ویتنام میں صدیوں پرانے ایک جہاز کا ملبہ ظاہر کردیا ہے ، جس سے ماہرین کو ایک محدود موقع ملا ہے کہ وہ ایک ایسے تاریخی ورثہ کو محفوظ کرسکیں جو بقول ان کے انتہائی اہمیت کا حامل ہوسکتا ہے ۔ یہ جہاز پہلی بار 2023 میں ہوئی آن کے ساحل کے قریب دریافت ہوا تھا، کم از کم (17.4 میٹر 57 فٹ) لمبا یہ جہاز تقریباً مکمل حالت میں محفوظ پایا گیا، جس کا مضبوط لکڑی کا ڈھانچہ صدیوں تک سمندری طوفانوں اور لہروں کا مقابلہ کرتا رہا، تاہم حکام کے بازیابی سے پہلے ہی اسے دوبارہ سمندر نے ڈھانپ لیا تھا۔ ماہرین نے اب تک اس ملبے کی درست تاریخ کا تعین نہیں کیا، لیکن ابتدائی نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ 14ویں سے 16ویں صدی کے درمیان تعمیر کیا گیا تھا، یہ وہ زمانہ ہے جب یونیسکو کی عالمی ورثہ فہرست میں شامل شہر ہوئی آن ریشم، مٹی کے برتنوں اور مصالحہ جات کی علاقائی تجارت کا مرکز تھا۔