سمندری طوفان ’ٹاؤکٹے ‘کے مزید شدت اختیار کرنے کا انتباہ

,

   

منگل کی دوپہر یا شام گجرات کے ساحل پوربندر اور نالیا کو پار کرنے کا امکان
کیرالہ سے گجرات تک الرٹ جاری‘ لکشدیپ کے نشیبی علاقوں میں سیلاب کاخدشہ
پانچ ریاستوں میں امدادی کاموں کیلئے این ڈی آر ایف کی تقریبا 100 ٹیمیںتعینات
نئی دہلی : مرکزی حکومت نے سمندری طوفان ٹاؤکٹے کے اگلے چند گھنٹوں میں مزید خطرناک ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ہفتہ کو کہا کہ بحیرہ عرب کے اوپر ہوا کے دباو کا علاقہ اب سمندر طوفان میں تبدیل ہوگیا ہے اور اس کے 18 مئی کے آس پاس پوربند اور نالیا کے درمیان گجرات کے ساحل کو پار کرنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے اپنے خصوصی بلیٹن میں یہ بات بتائی۔امکان ہے کہ یہ طوفان آئندہ چند گھنٹوں کے دوران شدید سمندری طوفان اور آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران شدید سے شدید ترین سمندری طوفان کے طورپر اس میں شدت پیدا ہوگی۔ امکان ہے کہ یہ شمال شمال مغربی سمت کی سمت پیشقدمی کرتے ہوئے 18 مئی کی دوپہر یا شام کے درمیان گجرات کے ساحل پوربندر اور نالیا کو پار کرے گا ۔ مرکزی اور ساحلی ریاستوں کی جانب سے سمندری طوفان کی تباہ کاریوں سے بچاو کیلئے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے بھیانک سمندری طوفان ٹاؤکٹے سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے اہم میٹنگ کی ہے۔ مہاراشٹر کے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے ریاست کے ساحلی اضلاع کے افسران کو محتاط رہنے اور حالات سے نمٹنے کیلئے آلات سے لیس رہنے کی ہدایت دی ہے۔قومی آفات سے نمٹنے والی فورس (این ڈی آر ایف) کی تقریبا 100 ٹیموں کو پانچ ریاستوں کیرالہ ، کرناٹک ، تمل ناڈو ، گجرات اور مہاراشٹر میں لوگوں کو محفوظ جگہ پہنچانے اور امدادی اور بچاؤ کے کاموں کے سلسلے میں تعینات کیا گیا ہے۔ متعلقہ ریاستوں نے ساحلی علاقوں میں اسٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کی ٹیمیں بھی تعینات کی ہیں۔ ان ریاستوں کے مختلف حصوں میں ریڈ اور اورنج الرٹ جاری کردیئے گئے ہیں۔ لکشدیپ کے نشیبی علاقوں میں سیلاب آنے کا امکان ہے۔ماہی گیروں کو منگل تک بحیرہ عرب میں داخل نہ ہونے کے لئے کہا گیا ہے جبکہ سیاحت کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور بحری مہموں کے لئے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔طوفان’توک تائی‘ کی شدت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ،ہندوستانی بحریہ کی جانب سے متاثرہ ریاستوں کی مددکی تیاریاں کی جارہی ہیں۔چونکہ مغربی ساحل سمندری طوفان ساحل سے ٹکرانے کے لئے تیار ہے۔ اسی لیے ہندوستانی بحریہ نے ریاستی انتظامیہ کو تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ نیوی کے ترجمان کے ایک ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ بحریہ کے بحری جہاز، طیارے، ہیلی کاپٹر، غوطہ خور اور تباہی سے متعلق امدادی ٹیمیں ریاستی انتظامیہ کو مکمل مدد فراہم کرنے تیار کھڑی ہیں کیونکہ یہ طوفان ہندوستان کے مغربی ساحل کے قریب پہنچ رہا ہے‘‘۔ اس گردابی طوفان کے نتیجہ میں ساحل پٹی میں 16 اور 18 مئی کے درمیان بارش یا گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی۔کیرالا میں بارش کے باعث صورتحال سنگین بتائی گئی ہے۔