سمپت کمار اور ریونت ریڈی کے درمیان لفظی جنگ میں شدت

   

کُل جماعتی اجلاس میں ریونت ریڈی بن بلائے مہمان، پی سی سی صدارت کیلئے دامودھر راج نرسمہا موزوں شخصیت

حیدرآباد۔/20 ستمبر، ( سیاست نیوز) اے آئی سی سی سکریٹری سمپت کمار اور کانگریس رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی کے درمیان لفظی جنگ نے شدت اختیار کرلی ہے۔ سمپت کمار نے ریونت ریڈی کے اس بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ سمپت کمار یورانیم کی کھدائی کی اے بی سی ڈی سے واقف نہیں ہیں۔ حیدرآباد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سمپت کمار نے کہاکہ وہ گزشتہ دو دن سے نئی دہلی میں مقیم تھے لہذا وہ میڈیا کیلئے دستیاب نہیں ہوئے۔ ریونت ریڈی اگرچہ مجھ سے قریب ہیں تاہم انہوں نے جس طرح کے ریمارک کئے وہ باعث حیرت ہیں۔ یورانیم کے مسئلہ پر میں اے بی سی ڈی سے واقف نہیں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی مسئلہ ہو مکمل معلومات حاصل کرنے کے بعد ہی وہ اظہار خیال کرتے ہیں۔ میں نے تعلیم میں پی ایچ ڈی کی تکمیل کی ہے۔ یورانیم کے مسئلہ پر ایسی اطلاعات میرے پاس موجود ہیں جو چیف منسٹر کے دفتر میں بھی نہیں ہیں۔ مجھے اے بی سی ڈی آتی ہے یا پھر ایکس وائی زیڈ، اس سے عوام بہتر طور پر واقف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یورانیم کے مسئلہ پر منعقدہ کُل جماعتی اجلاس میں ہنمنت راؤ نے پی سی سی صدر اتم کمار ریڈی کے علاوہ سمپت کمار اور ومشی چندر ریڈی کو مدعو کیا تھا۔ ہنمنت راؤ نے وضاحت کی کہ اس اجلاس میں ریونت ریڈی کو مدعو نہیں کیا گیا تھا۔سمپت کمار نے کہا کہ پون کلیان میرے ساتھ سیلفی نہ لینے سے ناراض ہوگئے میں ریونت ریڈی کے خلاف بیان دے رہا ہوں اس طرح کی تشہیر کی جارہی ہے۔ میرے ساتھ سیلفی لینے کیلئے کئی لوگ آتے ہیں۔ سیلفی کی سیاست کون کرتا ہے وہ تلنگانہ کے عوام بخوبی جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنا سینا کے لیڈر ان منوہر کو فون کرتے ہوئے ریونت ریڈی خود اجلاس میں حاضر ہوگئے۔ انہوں نے بتایا کہ جنا سینا کے بیانر پر کُل جماعتی اجلاس منعقد کئے جانے پر انہوں نے اعتراض کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جنا سینا کو عوام کی تائید حاصل نہیں ہے اور اس کے پاس ایک سرپنچ تک نہیں ایسی پارٹی کے پون کلیان کے پاس پہنچ کر ریونت ریڈی کا بار بار بات کرنا ٹھیک نہیں ہے اور اسی پر میں سوال اُٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ اگر پون کلیان دوبارہ اجلاس طلب کرتے ہیں تو وہ ضرور شرکت کریں گے تاہم اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ مہم میں کانگریس پارٹی کا حصہ کتنا ہے۔ سمپت کمار نے کہا کہ یورانیم کے مسئلہ پر کانگریس نے ابتداء سے جدوجہد کی لیکن اب اس کا کریڈٹ جنا سینا پارٹی کو گیا ہے جس سے کانگریس پارٹی کو نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ریونت ریڈی کی طرح مرضی کے مطابق بات کرتے ہوئے کانگریس کے وقار کو گھٹانے پر یقین نہیں رکھتے۔ انہوں نے ریونت ریڈی کی جانب سے اتم کمار ریڈی اور پدماوتی اتم کمار ریڈی کے خلاف دیئے گئے بیان کی مذمت کی۔ سمپت کمار نے کہا کہ میں نے پردیش کانگریس کی صدارت کیلئے کسی سے کوئی سفارش نہیں کی۔ اگر پارٹی درج فہرست اقوام سے تعلق رکھنے والے فرد کو پردیش کانگریس کا صدر بنانا چاہے تو وہ اس کیلئے تیار ہیں۔ میں اس عہدہ کیلئے دامودھر راج نرسمہا کے نام کی سفار ش کروںگا۔